• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھاندلی روکنے کا واحد طریقہ الیکٹرانک ووٹنگ، وزیراعظم

دھاندلی روکنے کا واحد طریقہ الیکٹرانک ووٹنگ، وزیراعظم


اسلام آباد(اے پی پی)وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ انتخابی اصلاحات، الیکٹرانک ووٹنگ اور اوورسیز پاکستانیوں کو حق رائے دہی دینے کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔یہ ہدایت انہوں نے جمعرات کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کے حوالے سے منعقدہ بریفنگ کے دوران دی۔عمران خان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے انتخابی عمل میں استعمال میں شفافیت اور تمام آئینی تقاضوں کو پورا کرنےکی ہدایت دیتے ہوئے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ موجودہ حکومت ملک کے انتخابی عمل میں شفافیت یقینی بنانے کے حوالے سے پر عزم ہے‘ انتخابی عمل میں دھاندلی روکنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال واحد آپشن ہے۔ اوورسیز پاکستانیز ملک کا اثاثہ ہیں ان کو انتخابی عمل میں لازماً شریک بنائیں گے۔دریں اثناءعمران خان نے کہا ہے کہ تعمیرات کا شعبہ ملکی ترقی اور معاشی نمو میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، تمام متعلقہ وفاقی محکمے اور صوبائی حکومتیں سرمایہ کاروں کے مسائل فوری حل کریں، زراعت کے زیر استعمال اور جنگلات کے لیے مختص زمین کسی صورت تعمیرات کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے ، رواں سال مون سون میں سب سے بڑی شجر کاری مہم کے لیے تیاری کی جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاوسنگ، تعمیرات و ترقی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم نے پانی کی کمی اور بڑے شہروں میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پانی کی کمی کو پورا کرنے اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو راوی اربن سٹی اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سےاجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

تازہ ترین