کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کو ایک ماہ میں کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کا پی سی ون منظور کر کے بمعہ دستخط ورک آرڈر جاری کرنےکا حکم دے دیا، منصوبے کے لئے چھ ارب روپے کے فنڈز ایف ڈبلیو او کو مہیّا کئے جائیں تاکہ منصوبہ جلد از جلد مکمل ہوسکے، عدالت عظمیٰ نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو ہدایت کی ہے ایک ماہ میں حکم کی تعمیل کر کے رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بدھ کو کراچی سرکلر ریلوے سے متعلق کیس کی سماعت چیمبر میں ہوئی جہاں چیف جسٹس نے منصوبے پر تاخیر کی وجہ دریافت کی ، اس موقع پر ایف ڈبلیو او نے بتایا کہ فزیبلٹی رپورٹ پاکستان ریلوے سے منظور ہونے کے بعد سندھ حکومت کو بھیج دی تھی لیکن تاحال سندھ حکومت نے پی سی ون منظور کیا نہ ہی کنٹریکٹ سائن کیا اور نہ ہی ورک آرڈر جاری کیا جبکہ مطلوبہ فنڈز بھی جاری نہیں کئے گئے جس پر چیف جسٹس گلزار احمد نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو طلب کیا اور وضاحت طلب کی کہ عدالت کی جانب سے دیا گیا ٹائم فریم نکل گیا منصوبے پر تاخیر کیوں ہو رہی ہے۔