• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، 46 جاں بحق، ویکسین کی قلت برقرار، کیسز پھر بڑھنے لگے

اسلام آباد ، کراچی (نیوز ایجنسی ، اسٹاف رپورٹر )ملک بھر میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مسلسل دوسرے روز بھی 46 افرا دچل بسے ، ویکسین کی قلت برقرار ، کیسز پھر بڑھنے لگے ،جمعرات کے روز مزید 1119نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 ہزار 763 مریض شفایاب ہو گئے، مثبت کیسز کی شرح پھر 3 فیصد پر آگئی۔دوسری جانب ویکسین کا بحران پیدا ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے فوری طور پر مزید 2کروڑ 75لاکھ ویکسین کی خوراکیں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزارت صحت کے مطابق سائنو فارم، سائنو ویک اور کین سائنو ویکسین کی پونے تین کروڑ خوراکوں کی خریداری کے معاملات طے پاگئے ہیں۔ سائنو فارم کی 2 کروڑ 30 لاکھ، کین سائنو کی 20 لاکھ اور سائنو ویک کی 25 لاکھ خوراکیں خریدی جائیں گی۔ عوام کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کیلئے متحرک ہوئے تو حکومت کے پاس ویکسین کا بحران پیدا ہوگیا۔ وفاقی حکومت صوبوں کو ویکسین فراہم کرنے میں سست روی کا شکار ہے ،کراچی،لاہور اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں کو کورونا ویکسین کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ویکسین کی دوسری ڈوز کے لیے رکھی گئی ویکسینز بھی پہلی بار آنے والوں کو لگائی جانے لگیں ہیں۔ پہلی ڈوز لگوانے والوں دوسری ڈوز وقت پر نہ لگی تو پہلی ڈوز کا اثر بھی ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری صحت نے بھی خبردار کردیا ہے کہ ویکسین کی فراہمی میں تاخیر سے ویکسینیشن کا عمل متاثر رہے گا۔ ادھر وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ویکسین کی قلت کی ذمہ داری وفاق پرنہیں ،ویکسینیشن سینٹرز کیلئے ویکسینز مقدار اور ترسیل کی تاریخ کا تعین صوبائی حکومت کرتی ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 21 ہزار 874 ہو گئی ہے، کْل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 45 ہزار 184 ہو چکی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس سے متعلق اپنے بیان میں بتایا کہ صوبے بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 14 مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جس سے اموات کی تعداد 5306 ہے جوکہ شرح اموات لا 1.6 فیصد ہے۔ مراد شاہ نے کہا کہ 14221 ٹیسٹ کیا گیا جس میں 605 کیسز کا پتہ چلا جوکہ موجودہ تشخیصی شرح کا 4.3 فیصد ہے۔

تازہ ترین