محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں آج آندھی اور معتدل بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
شہریوں کو بھی توقع ہے کہ بارش کے باعث حبس کا زور ٹوٹے گا اور گرمی سے جان چھوٹے گی۔
شہر میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ تو کئی روز سے جاری ہے مگر بادل تاحال جم کر نہیں برسے ہیں۔
سندھ کے دیگر شہروں میں بھی بادلوں کے ڈیرے ہیں اور کئی شہروں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش کی پیش گوئی ہے۔
ملک بھر میں مون سون بارشوں کے آغاز سے پہلے موسم انگڑائی لینے لگا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سندھ، بالائی و جنوبی پنجاب، بالائی خیبر پختون خوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔
آج سندھ، شمال مشرقی بلوچستان، خیبر پختون خوا اور جنوبی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر کے کچھ اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون کی بارشوں کی پیش گوئی کے باوجود حیدرآباد کی ضلعی انتظامیہ نے نکاسی آب کے نالوں کی صفائی کو یقینی نہیں بنایا۔