• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ: مسلسل دو ناکامیاں،قلندرز کا سفر مشکل ہوگیا

ابوظبی (جنگ نیوز) لاہور قلندرز کی بیٹنگ پھر دھوکا دے گئی۔جمعرات کی شب کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست کے بعداسے ملتان سلطانز نے بھی ہرادیا۔پلے آف تک پہنچنے کیلئے اس کا دوسری ٹیموں پر انحصار ہوگا۔ جمعہ کو ڈے اینڈ نائٹ میچ میں شاہنواز دھانی کی تباہ کن بولنگ کے سامنے قلندر اہم میچ میں 89 پر ڈھیر ہوگئے، نوجوان پیسر نے 3.1 اوورز میں پانچ رنز عوض چار شکار کیے۔ سلطانز نے جمعہ کی شب کھیلا گیا سپر لیگ کا دوسرا میچ 80 رنز سے جیت لیا۔ اس نے 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر قبضہ کرلیا ہے اسے ابھی مزید ایک میچ کھیلنا ہے، قلندرزکے 10 میچز میں 10 ہی پوائنٹس ہیں۔دھانی کی عمدہ بولنگ کے سامنے کوئی بیٹسمین نہ ٹک سکا۔ جیمز فولکنر 22، حفیظ14، آغا سلمان 13 اور فخر زمان 13 رنز بناسکے۔ اس سے پہلے قلندر کے کپتان سہیل اختر نےٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز نے 8 وکٹ پر 169 رنز بنائے ۔ صہیب مقصود نے 40 گیندوں پر 60 رنز تین چوکے اور چار چھکوں کی مدد سے بنائے ۔ کپتان محمد رضوان 15 اور شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔ جانسن چارلس 10 ، رائیلی روسو 29، خوشدل شاہ 6 ، عمران طاہر 4، مزربانی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ سہیل تنویر نے 9 گیندوں پر 26 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ جس میں تین چوکے اور دو خوبصورت چھکے شامل تھے۔قبل ازیں اہم میچ میں کراچی کنگز نے لاہور کو 7 رنز سے ہرادیا، اس میچ کے بعد کنگز نے پلے آف کیلئے اپنے امکانات روشن کرلیے ہیں۔ کراچی کے 176 رنز کے جواب میں لاہور قلندرز 7 وکٹ پر 169 رنز بناسکی۔ نور احمد نے 4 اوورز میں19 رنز کے عوض دو ، محمد الیاس نے2، عماد وسیم اور عباس آفریدی نے1،1 وکٹ حاصل کی۔ محمد حفیظ 36، ٹم ڈیوڈ 34، جیمزفولکنر33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم54، مارٹن گپٹل43 رنز بنانے میں کامیاب رہے ۔

تازہ ترین