• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا چیف الیکشن کمشنر کو خط،انتخابی اصلاحات پر مشاورت کا مطالبہ

شہباز شریف کا چیف الیکشن کمشنر کو خط


اسلام آباد (نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں) شہباز شریف کاچیف الیکشن کمشنرکوخط ،انتخابی اصلاحات پر مشاورت کا مطالبہ کیا ،انہوں نے کہا کہ حکومتی انتخابی اصلاحات آئین سے متصادم، فریقین سے مشاورت نہیں کی گئی،جبکہ شہباز شریف نے اسپیکر کو خط میں کہا ہے کہ حکومت نے میڈیا کو اپوزیشن کوریج سے روک رکھا ہے، بات کہنے کا موقع دیا جائے۔

قبل ازیں قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے نام خط میں کہا ہے کہ حکومتی انتخابی اصلاحات آئین سے متصادم ہیں،متعلقہ فریقین سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔

حکومت اپنا انتخابی اصلاحاتی ایجنڈا یک طرفہ اقدامات سے مسلط کرکے آئندہ انتخابات کو متنازع بنا رہی ہے، قومی اسمبلی میں ان الیکشن بلز کو بلڈوز کرکے منظور کرایا گیا،بامعنی انتخابی اصلاحات میں اداروں کو اپنی رائے دینے کے علاوہ ذمہ داری لینا ہوگی تاکہ آزادنہ، شفاف انتخابات یقینی ہوں۔

الیکشن کمیشن کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ انتخابی اصلاحات پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرے ،میں آپ پر زور دیتا ہوں کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو مشاورت کے لئے بلائیں تاکہ اتفاق رائے پر مبنی پلان بن سکے۔

اس متفقہ پلان کو پارلیمنٹ میں منظوری کے لئے پیش کیاجاسکتا ہے،تاکہ مستقبل میں آزادانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات منعقد ہوسکیں جو عوام کی حقیقی رائے کے مظہر ہوں،جبکہ شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے نام خط میں میڈیا کو پارلیمنٹ تک مکمل رسائی دینے اور رکاوٹیں دور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تازہ ترین