کراچی(ٹی وی رپورٹ) سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی نے تجاوزات کیخلاف آپریشن سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرادی۔ جیونیوز کے مطابق سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نےجو جو ہدایات دی تھیں ان پر عمل کیا جارہا ہے، الہ دین پارک، کشمیر روڈکمپلیکس اور نالوں پر تجاوزات کیخلاف آپریشن سے متعلق رپورٹ پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ٹی14 کے پلاٹ پر تجاوزات کیخلاف کارروائی کی گئی، سندھ کچی آبادی کی لیز پلاٹوں کو دی گئی تھی، 6 دکانیں، 8 گودام اور 7کمرے توڑے گئے جبکہ 3 ایکڑ کے ڈی اےکی زمین واگزار کرائی گئی ہے، یہ پارک کی زمین تھی اور زمینوں کی بھی مارکنگ کردی گئی ہے۔ سینئر ڈائریکٹر نے بتایا کہ ہیوی مشینری سے الہ دین شاپنگ مال گرانے کا سلسلہ جاری ہے، الہ دین اور پویلین اینڈ کلب میں15 فیصد تجاوزات توڑی جاچکی ہیں، شاپنگ مال میں قائم مزید دکانوں کو گرایا جارہا ہے جبکہ پویلین اینڈ کلب کاگیٹ، سکیورٹی چوکی اور دیواریں گرادی ہیں، مکمل تعمیرات گرانے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کے ڈی اے آفیسرز کلب کشمیر روڈ پر بھی تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ہے جس میں غیر قانونی قائم شادی ہالز گرائے جارہے ہیں۔