• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دلیپ کمار، راج کپور کے مکانات کی بحالی، کیلاشی قبرستان کے تحفظ کیلئے فنڈز مختص

پشاور(نمائندہ جنگ ) خیبر پختونخوا حکومت نے معروف بھارتی اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے پشاور میں موجود آبائی گھروں کی بحالی اور قدیم کیلاشی قبرستان کے تحفظ کیلئے خطیر رقم مختص کردی ہے، اقلیتی عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش ہوگی، صوبائی وزیر خزانہ تیمور جھگڑا کی جانب سے پیش کردہ بجٹ دستاویز کے مطابق صوبائی حکومت نے صوبہ میں ثقافت و سیاحت کے ترقیاتی بجٹ کو2ارب سے بڑھا کر12ارب روپے کردیا ہے جس کی وجہ سے اہم منصوبوں کی تکمیل ہوسکے گی ، دستاویز کے مطابق دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کو اصلی حالت میں بحال کرکے عجائب گھر میں تبدیل کیا جائیگا، صوبہ میں ملک کا پہلا موٹر سپورٹس ارینہ کے قیام کیساتھ ارباب نیاز سٹیڈیم، حیات آباد اور کالام کرکٹ سٹیڈیم کی تزئین ہوگی، مالاکنڈ اور ہزارہ میں سیاحتی شاہراہوں کی تعمیر ہوگی،3ارب80کروڑ روپے کا اینویشن فنڈ کا قیام عمل میں لایا جائیگا جس سے جدید خود ساختہ کاروبار کے فروغ کےلئے بلاسود قرضے دئیے جائیں گے، ضلعی ہیڈ کوارٹر میں عورتوں کےلئے ان ڈور جمنیزیم قائم کیا جائیگا، ہنڈ واٹر پارک کا 400کنال رقبہ پر قیام ہوگا، اسی طرح کرک میں ہندو سمادی کی تعمیر ہوگی، اقلیتوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے بھی بجٹ میں50ملین روپے رکھے گئے ہیں، بجٹ دستاویز کے مطابق اقلتی قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں کیلئے اراضی خریدی جائےگی، اقلیتی عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش کےلئے بھی فنڈ مختص کئے گئے ہیں ، اقلیتوں کو پیشہ وارانہ تعلیم دینے کےلئے30ملین روپے رکھے گئے ہیں۔

تازہ ترین