• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابی اصلاحات پر ‏شہباز شریف کی اے پی سی کی تجویز مضحکہ خیز ہے، فواد چوہدری


وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے صدر ‏شہباز شریف کی انتخابی اصلاحات پر گفتگو کے لیے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کی تجویز مضحکہ خیز قرار دے دی۔ 

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر ‏شہباز شریف کی پارلیمان کو بائی پاس کرکے انتخابی اصلاحات پر گفتگو کے لیے اے پی سی کی تجویز مضحکہ خیز ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس طرح کی فیصلہ سازی پارلیمان کے اندر کی جاتی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن لیڈر پارلیمان کو کمزور کرنے کے ایجنڈے کا حصہ بن رہے ہیں جو افسوسناک ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے اے پی سی کا چورن بیچنے نکلی ہے، ان کا یہ چورن نہیں بکے گا، کیونکہ عوام ان کی اصلیت اور حقیقت جان چکے انہیں بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن اور بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔

اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ متنازع حکومتی الیکشن بل پر کُل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف کو جواب دیا کہ ہم آپ کے اس اقدام کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

تازہ ترین