• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 6: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دے دی


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے 30 ویں اور آخری لیگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 150 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، ملتان نے 150 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا، جو اسلام آباد نے 20ویں اوور میں 6 وکٹوں پر بنالیا۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان، اوپنر بیٹسمین محمد اخلاق، حسین طلعت اور آصف علی نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

شاداب خان اور محمد اخلاق نے بالترتیب 35 اور 26 رنز بنائے۔ شاداب نے ایک چھکا اور 4 چوکے لگائے جبکہ محمد اخلاق کی اننگز میں 2 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔

آصف نے 16 گیندوں پر 26 رنز بنائے انہوں نے 2 چھکے اور ایک چوکا مارا۔ حسین طلعت 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی طرف سے شاہنواز ڈاھانی اور عثمان قادر نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عمر اور بلیسنگ مزارابانی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ملتان سلطانز مقررہ 20 اوورز میں149 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی اور اسلام آباد کو جیت کے لیے 150رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ سلطانز کی جانب سے شان مسعود نے 37 گیندوں پر 59 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 3 چھکے اور 4 چوکے لگائے، کپتان محمد رضوان نے 26 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے محمد وسیم نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ فواد احمد اور فہیم اشرف نے 2، 2 وکٹیں لیں، کپتان شاداب خان اور افتخار احمد نے ملتان کے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تازہ ترین