سندھ کے شہر سیہون میں سید عبداللّٰہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس سے موٹر سائیکل چوری کرنے کے الزام میں زیرِ حراست ملزم دورانِ علاج اسپتال میں انتقال کر گیا۔
متوفی کے ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ نوجوان کی ہلاکت پولیس تشدد سے ہوئی ہے۔
سید عبداللّٰہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں گزشتہ روز موٹر سائیکل چوری ہو گئی تھی، چوری کے الزام میں پولیس نے راشد لاشاری کو حراست میں لیا تھا۔
پولیس کےمطابق لاک اپ میں نوجوان کی طبیعت بگڑنے پر اسے بھان سعید آباد ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا، لیکن دورانِ علاج وہ انتقال کرگیا، نوجوان پر کوئی تشدد نہیں کیا گیا۔
ورثاء کا کہنا ہے کہ نوجوان کی ہلاکت پولیس تشدد سے ہوئی ہے، لاش پر تشدد کے نشانات بھی موجود ہیں۔
نوجوان کی ہلاکت پر ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے سیہون تھانے کے ایس ایچ او کےخلاف کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔