اسلام آباد(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اسامہ بن لادن کو شہید قرار دینے سے متعلق بیان کوسیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
بھارت نے افغانستان کی سرزمین کو پاکستان میں تخریب کاری کے لیے استعمال کیا ہےافغانستان میں موجودہ صورت حال کا ذمہ دار پاکستان نہیں‘ کابل ایئر پورٹ کی سکیورٹی ترکی کو دینے کی تجویز کے حوالے سے افغان حکومت اور طالبان کو اعتماد میں لینے کی ضرورت ہے‘اس معاملہ پر ہم سے مشاورت نہیں کی گئی ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارافغان ٹی وی اورامریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کیا۔
دریں اثناءشاہ محمودنے اناطولیہ میں ترکی کے وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو اور ای سی او کے سیکرٹری جنرل ہادی سلیمان پور کے ساتھ ملاقات کی۔
افغان ٹی وی کے ساتھ بات چیت میں شاہ محمود نے پاکستان میں طالبان کے ٹھکانوں کی موجودگی کے امکان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت کی جڑیں افغانستان میں ہیں۔
انہوں نے خطے میں امریکی افواج کی واپسی اور انتظامی امور پر افغان دھڑوں میں اختلاف کی بنیاد پر دوبارہ خانہ جنگی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم افغانستان میں امن کی شراکت داری کے لیے تیار ہیں اور توقع ہے کہ لینڈلاک ملک میں ایک اور خانہ جنگی نہیں ہوگی۔