• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل :ہنزہ علی

ملبوسات: بی اے ڈیزائنرز بائے بینش

آرایش:ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی:ایم کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

مبین مرزا کی ایک طویل آزاد نظم کے چند مصرعے ہیں؎’’وقت دریا کی مانند بہتا رہے گا سدا… جگمگاتے رہیں گے ستارے …یوں ہی شب کی پوشاک میں…گُل کھلاتی رہے گی ہوا… تا ابد آب میں، خاک میں …اِستادہ رہیں گے خیاباں خیاباں …یہ سرو و صنوبر یوں ہی… ساحلوں پر یوں ہی …لنگر انداز ہوں گے جہاز …اور بچّے یوں ہی سیپیاں چُننے…آتے رہیں گے سدا …یوں ہی میلہ رہے گا …زمانے کے کُوچوں میں …بازار میں۔‘‘واقعی، حالات چاہے جیسے بھی ہوں،وقت کا کام گزرنا ہے، سو گزر جاتا ہے۔ ہم اسے روک سکتے ہیں، نہ ریورس، فارورڈ کرسکتے ہیں،البتہ اس انداز سے گزارنے کی کوشش ضرور کی جاسکتی ہے کہ جب بھی بیتے لمحے یاد آئیں، تو دِل میں کوئی خلش محسوس ہو،نہ ہی پچھتاوے کا احساس جنم لے۔ ویسے تو گزرتے لمحات حسین و یاد گار بنانے کے کئی طریقے ہیں، لیکن ایک آسان سا طریقہ یہ بھی ہے کہ گاہے گاہے اپنے پیاروں سے میل ملاقات کا اہتمام کرلیا جائے۔کبھی اُنہیں اپنےگھر مدعو کرلیں یاکبھی خود اُن سے ملنے چلے جائیں، دونوں ہی صُورتوں میں حسین یادیں جمع ہوتی رہیں گی۔ میل ملاقات کے ان ہی مواقع کے لیے ایک انتخاب پیشِ خدمت ہے۔

ذرا دیکھیے،گلابی رنگ تھریڈ ورک سے آراستہ پیراہن کیسا پیارا لگ رہا ہے۔قمیص کے فرنٹ پر کہیں کہیںطلائی رنگ موتی کی آرایش ہے، تو ساتھ ڈبل شیڈڈ دوپٹا خوش گوار تاثر دے رہا ہے۔ سُرخ و سیاہ کے سدا بہار کامبی نیشن میں ٹراؤزر اور تھریڈ ورک سے آراستہ سائیڈ ٹیل فراک ایک حسین انتخاب ہے، توآتشی گلابی رنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ ٹیل رنگ نیٹ کی گھیر دار فراک بھی بھلی لگ رہی ہے۔ فراک کے باٹم اور گلے پرمشین ایمبرائڈری ہے، تو ٹراؤزر کا باٹم بٹنز سے مرصّع ہے،جب کہ دوپٹا ملٹی شیڈڈ ہے ۔زرد رنگ لباس کا انداز جداگانہ ہے۔ پلین شلوارکےساتھ زرد رنگ بیس میں سیاہ و سفیدکی آمیزش میں پھول دار نیٹ فراک کی بیل باٹم آستینوں پر سفید موتی سے ڈیزائننگ کی گئی ہے، تو ساتھ شلوار کی ہم آہنگی میں پلین دوپٹا ہے۔

اگر کسی کو اپنے یہاں مدعو کرنا ہو یا کسی کے گھر جانے کا ارادہ ہو،ہمارے انتخاب میں سے کچھ بھی منتخب کرلیں، یہی گمان ہوگا،’’ہوا چلی تو پھر آنکھوں میں آگئے سب رنگ…‘‘

تازہ ترین
تازہ ترین