حکیم راحت نسیم سوہدروی
لیموں خوش ذائقہ اور ہر جگہ باآسانی دستیاب پھل ہے۔ اس کی کاشت سارا سال کی جاتی ہے ،لیکن موسمِ برسات اس کی پیداوار کا خاص موسم ہے ۔ لیموں کا تعلق ترش پھلوں کے خاندان سے ہے۔ظاہری طور پر یہ ایک چھوٹا سے پھل ہے، مگر اس میں وٹامن سی کا بَھرپور خزانہ سمویا ہواہے۔علاوہ ازیں،اس میں پچاس فی صد پانی کے علاوہ لحمیاتی اجزاء ، چکنائی ، نشاستے دار اجزاء ، حیاتین الف ،کیلشیم اورفاسفورس بھی پائے جاتے ہیں۔
وٹامن سی کی کمی سے مسوڑھوں سے خون آنا، مسوڑھوں میں ورم، صفراوی بخار اور ہڈیوں کی کم زوری جیسے امراض لاحق ہوسکتے ہیں۔عام طور پر معالجین وٹامن سی کی کمی کے سبب لاحق ہونے والے امراض میں وٹامن سی کی ادویہ تجویز کرتے ہیں، لیکن لیموں کے استعمال سے بھی یہ کمی دُور کی جاسکتی ہے۔ لیموں کا استعمال وبائی امراض مثلاً پیٹ درد، قے، اسہال، خارش اور گرمی دانوں کے علاج کے لیے مفید ہے۔
موسمِ برسات میں مشروبات میں لیموں کی آمیزش تسکین پہنچاتی ہے۔ قے، دست اور متلی کی صُورت میں لیموں پر کالی مرچ اور نمک چھڑک کر استعمال کریں، جب کہ چہرے کے داغ دھبّے دور کرنے کے لیے لیموں کے دو ٹکڑوں پر اچھی طرح صابن مل کر چہرے پر مَلیں اور نیم گرم پانی سے منہ دھو لیں۔
جِلد کی حسّاسیت دُور کرنے کے لیے بہتر ہے کہ لیموں کا رس، گلیسرین اور عرقِ گلاب ہم وزن مِکس کرکے استعمال کریں۔ جگر اور تلّی کے امراض کے لیموں کے ٹکڑے کرکے ان پر نمک چھڑک کر ہلکا سا گرم کرکے دِن میں چار پانچ بار استعمال کریں۔ لمبے کالے اور چمک دار بالوں کے لیے لیموں کے رس میں خشک آملے کا سفوف مِکس کرکے بالوں کی جڑوں میں لگائیں۔
موٹاپا دُور کرنے کے لیے صُبح نہار منہ اور سہ پہر میں آدھے لیموں کا رس ایک گلاس نیم گرم پانی میں ملا کر استعمال کریں۔ البتہ لیموں استعمال کرنے سے قبل اُسے آگ پر ہلکا سا سینک لیں۔ دائمی نزلے سے نجات کے لیے روانہ ایک گلاس پانی میں لیموں نچوڑ کر پینا مفید ثابت ہوتا ہے۔
سینے، پیشاب کی جلن، کمر درد اور یورک ایسڈ بڑھ جانے کی صُورت میں بھی صُبح و شام اس کا استعمال فائدہ مند ہے۔ علاوہ ازیں، لیموں کا استعمال خون کی کمی، بھوک نہ لگنے، بدہضمی، دِل گھبرانے، تیز دھڑکن، کیل مہاسوں، داغ دھبّوں اور پھوڑے پھنسیوں کے علاج میں بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔