کراچی (اسٹاف رپورٹر)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ایک سال میں پاکستان پر قرضے اور واجبات میں 6 ہزار 106 ارب روپے کا اضافہ، 88 ہزار ارب روپے سے تجاوز کرگئے۔
اسٹیٹ بینک نے دسمبر 2024 تک قرضوں اور واجبات کا ڈیٹا جاری کر دیا اعداد و شمار کے مطابق ایک سال میں پاکستان پر قرضے اور واجبات کی مد میں 6 ہزار 106 ارب روپے بڑھ گئے، رواں مالی سال کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر 2024) میں قرضوں اور واجبات میں 2 ہزار 555 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
بینک کے مطابق دسمبر 2024 تک ملک پر مقامی قرضہ 49 ہزار 883 ارب روپے تھا، جبکہ دسمبر 2024تک غیرملکی قرضہ اور واجبات 36 ہزار 512ارب روپے تھے۔
دستاویز سے پتا چلتا ہے کہ دسمبر 2024 تک پاکستان پر غیر ملکی واجبات 3 ہزار 262 ارب روپے تھے۔
دستاویز کے مطابق دسمبر 2023 تک ملک پر قرضوں اور واجبات کا حجم 81 ہزار 904 ارب روپے تھا، جبکہ جون2024 تک پاکستان پرقرضے اور واجبات 85 ہزار 455 ارب روپے تھے۔