• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان سلطانز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ایس ایل 6 کے میچز ابوظبی میں کھیلے جارہے ہیں، میچ کی ٹاس کے لیے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان میدان میں اترے۔

ایونٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 16 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے 10،10 پوائنٹس ہیں۔

ملتان سلطانز رن اوسط بہتر ہونے کے باعث پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے، پشاور زلمی تیسرے اور کراچی کنگز چوتھے نمبر پر براجمان ہے جبکہ لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں۔

آج کے میچ کی فاتح ٹیم ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کے پاس پشاور اور کراچی کنگز کی فاتح ٹیم سے ایک میچ کھیلنے کا موقع ہوگا۔

ٹاس جیتنے والے کپتان محمد رضوان نے اپنی ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو اچھا قرار دیا۔

دوسری طرف شاداب خان نے کہا کہ اگر پلیئرز فارم میں ہوں تو کپتانی آسانی ہوجاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اس گیم کا بھی پریشر نہیں ہے۔

پی ایس ایل 6 کا آخری لیگ میچ بھی 2 روز قبل ان ہی دو ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تھا، جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دے دی تھی۔

آج کے میچ میں ملتان سلطانز کی طرف سے محمد رضوان، شان مسعود، صہیب مقصود، جانسز چارلس، ریلی روسو، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، عمران خان، عمران طاہر اور شاہنواز دھانی میدان میں اتر رہے ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے آج کے میچ میں کولن منرو، عثمان خواجہ، محمد اخلاق، شاداب خان، حسین طلعت، ا فتخار احمد، آصف علی، حسن علی، فہیم اشرف، محمد وسیم اور عاکف جاوید کھیل رہے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید