• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی رہنما کے چیف جسٹس کیخلاف نازیبا الفاظ عدلیہ پر حملہ ہے، سپریم کورٹ بار

اسلام آبا د(جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن نے سوشل میڈیا پروائرل ہونے والی ویڈیو میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک لیڈر کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان،مسٹر جسٹس گلزار احمد کے خلاف نامناسب اور غلیظ زبان استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اس عمل کو عدلیہ پر حملہ قراردیا ہے۔ سوموار کے روزسپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے سیکرٹری احمد شہزاد فاروق کے دستخطوں سے جاری اعلامیہ میں بیان کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے بینر تلے عوام کے ایک نمائندہ کی جانب سے چیف جسٹس گلزار احمد کے حوالے سے استعمال ہونے والے الفاظ کو بے ہودہ اور لغو قرار دیتے ہوئے حکومت، پی پی پی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مذکورہ شخص کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے،اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بدقسمتی سے اظہاررائے میں اختلاف کی بنیاد پر بے ہودہ اور لغو زبان کا استعمال اور سیاسی قیادت کا اس پر خاموشی اختیار کرنا ہمارے سیاسی کلچر کا حصہ بنتا جا رہا ہے اور مسلسل اس کی اجازت دی جارہی ہے،اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ججوں کی جانب سے مقدمات کی سماعت کے بعد ان کے فیصلوں پر ان کی تذلیل اور انھیں بدنام کرنا ناقابل قبول عمل ہے،سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کبھی بھی کسی کو ججوں کو بدنام کرنے ،ان کی تذلیل کرنے اور بے عزت کرنے کی اجازت نہیں دے گی ،کوئی ججوں اور عدلیہ کے وقار،ناموس اور آزادی پر سوال اٹھانے کی غلطی نہ کرے اور ججوں کو بے عزت کرنا عدلیہ پربطور ادارہ حملہ کے مترادف ہے ،جسے کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائے گا ،اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد ایک ایماندار،دیانت دار اور راست باز آدمی ہے ،چیف جسٹس اور ججوں کے خلاف غلیظ زبان بار کو منظور نہیں ہے ،اعلامیہ میں پی پی پی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مذکورہ عوامی نمائندے سے بریت اور لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی ڈسپلن کے تحت اس کے خلاف کارروائی کرے۔

تازہ ترین