• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عثمان کاکڑ کے انتقال سے بلوچستان توانا آواز سے محروم ہوگیا‘وکلاء رہنما

کوئٹہ(آن لائن) بلوچستان کے وکلاء رہنمائوں نے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر وسابق سینیٹر عثمان خان کاکڑ کے انتقال کو ملکی سیاسی جمہوری قوتوں کیلئے سانحہ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ عثمان خان کاکڑ نے ہمیشہ مظلوم ومحکوم اقوام کیلئے موثرآواز بلند کی ،ملک میں آمرانہ قوتوں کے خلاف یا مظلوموں کیلئے جدوجہد ہو عثمان کاکڑ نے ہمیشہ صف اول کا کرداراداکیا ، ان کی اچانک موت پر پورے ملک کے آئین، قانون ،جمہوریت پسند اور طبقاتی جدوجہد کرنے والے مظلوم عوام غمزدہ ہیں ان کا خلاء مدتوں پرنہیں ہوگا۔ان خیالات کااظہار وکلاء رہنماسینیٹرکامران مرتضیٰ ،سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل میرعطاء اللہ لانگو،بلوچستان بار کونسل کے ممبر نجم الدین مینگل ،ملک انور نسیم کاسی ،میر نور جان بلیدی ،راشد الرحمٰن ،ملک عبدالحفیظ ،راجیش ناتھ کوہلی ودیگر نے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بالخصوص بلوچستان ایک توانا آواز سے محروم ہوگئے،عثمان کاکڑ نے زمانہ طالبعلمی سے آخری دم تک صعوبتوں اور تکالیف کے باوجود اپنے نظریئے اور اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے زندگی کے آخری ایام بھی اسی جدوجہد میں گزارے۔ عثمان کاکڑ نے سینیٹ سمیت ہر فورم پر بلوچستان کے حقوق مظلوم عوام کے مسائل ومشکلات اور جمہوریت کی بالادستی کیلئے بھرپور آواز بلند کی اس لئے آج بلوچستان کا بچہ بچہ ان کے انتقال پر غمزدہ ہے ۔لالہ عثمان کاکڑ کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سینیٹر عثمان کاکڑ نے ملک میں جمہوریت، قانون کی بالادستی اور انسانی حقوق کیلئے بھرپور آواز اٹھانے کا حق ادا کیاوہ ایک نڈر، بے باک اور حق گو شخصیت تھے جن کی کمی پاکستان کی سیاست اور بالخصوص بلوچستان کی سیاست میں ہمیشہ محسوس کی جائیگی۔
تازہ ترین