• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کراچی کے اسپتال میں انتقال کر جانے والے پشتون خوا میپ کے سینئر رہنماء عثمان کاکڑ کی میت کراچی سے بذریعہ سڑک کوئٹہ روانہ کر دی گئی۔

اس سے قبل پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کی نمازِ جنازہ کراچی میں مزارِ قائد کے سامنے واقع باغِ جناح میں ادا کی گئی۔

نمازِ جنازہ میں اے این پی کے رہنما شاہی سید، جے یو آئی ف کے رہنما راشد سومرو، قاری عثمان اور مسلم لیگ نون کے رہنما نہال ہاشمی سمیت میپ کے ہزاروں کارکنوں اور ہمدردوں نے شرکت کی۔

پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے ایم پی اے نصر اللّٰہ زیرے کے مطابق عثمان خان کاکڑ کی میت آج رات کوئٹہ پہنچے گی، ان کی میت کل صبح 8 بجے کوئٹہ سے ان کے آبائی علاقے مسلم باغ لے جائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ عثمان خان کاکڑ کی نمازِ جنازہ اور تدفین کل شام 5 بجے مسلم باغ میں ہو گی۔

واضح رہے کہ عثمان خان کاکڑ سر پر لگی گہری چوٹ کے باعث شدید زخمی ہو گئے تھے، انہیں 2 روز قبل تشویش ناک حالت میں کوئٹہ سے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔

سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں وہ گزشتہ روز انتقال کر گئے تھے۔

سابق سینیٹر پشتون خوا ملی عوامی پارٹی عثمان کاکڑ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ان کے جسم پر تشدد کا کوئی نشان نہیں ملا۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ موت کی حتمی وجہ پیتھالوجی رپورٹ سے سامنے آئے گی۔

تازہ ترین