• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 6 ایلیمنیٹر 2: حسن علی کی شاندار بیٹنگ، زلمی کو جیت کیلئے 175رنز کا ہدف


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ایلیمنیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دے دیا۔ 

ابوظبی میں کھیلے جارہے اس میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ 

اسلام آباد کی ٹیم ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار ہوگئی جہاں اس کے ان فارم اوپنر عثمان خواجہ ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

کولن منرو نے 44 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو بحران سے نکالا جبکہ ان کے ساتھ شاداب خان، برینڈن کنگ اور افتخار احمد کے حصے نے بھی ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ایک موقع پر 16 اوورز کے اختتام پر 8 وکٹوں سے محروم ہوچکی تھی، اور اس جگہ پر یونائیٹڈ کے نہ صرف آل آؤٹ کا خطر پیدا ہوگیا تھا بلکہ کم سے کم ہدف دینے کے بادل بھی منڈلانے لگے تھے۔ 

ایسے میں اننگز کے آخری لمحات میں حسن علی پشاور زلمی پر قہر بن کر برسے اور صرف 16 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر پشاور زلمی کی ابتدائی محنت کے نہلے پر اپنا دہلا رکھ دیا۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور عمید آصف نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عرفان، محمد عمران اور عماد بٹ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ بولرز اچھا پرفام کر رہے ہیں۔

کپتان پشاور زلمی نے کہا کہ ہدف کے تعاقب میں بیٹسمین اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

تازہ ترین