• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسات سے قبل تمام نالوں کی صفائی کا کام مکمل کر لیا جائے، ناصر حسین شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ سید ناصر حسین نےکہا ہے کہ برسات سے قبل تمام نالوں کی صفائی کا کام ہر صورت مکمل کیا جائے،یہ بات انہوں نے پی آئی ڈی سی، سٹی ریلوے اسٹیشن،اسٹاک ایکسچینج ، ریگل چوک ، پولیس لائن ، شارع فیصل پر جاری نالوں کی صفائی کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کہی ،اس مو قع پر سیکرٹری بلدیات سید نجم شاہ،ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر چنہ، کے ایم سی اور کے ڈی اے کے افسران بھی موجود تھے، وزیر بلدیا ت نے ہدایت دی کہ نالوں کی صفائی کے بعد نکالا گیا کچرا لینڈ فل سائٹ تک پہنچایا جائےکچرا لینڈ فل سائٹ پر نہ پہنچے تو ٹھیکیدار کو ادائیگی روک دی جائے، انہو ں نے کہا کہ پولیس لائن گارڈن گزشتہ سال بارشوں میں ڈوب گیا تھا ، یقینی بنایا جائے کہ اس بار ویسی صورتحال نہ ہو، انہوں نے فرنیچر مارکیٹ نرسری پر نالے کی صفائی کا کام تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس نالے کے تمام چوکنگ پوائنٹس کی نگرانی اور انہیں کلیئر رکھا جائے، صوبائی وزیر نے گلستان ظفر کا بھی دورہ کیا۔علاوہ ازیں ناصر حسین شاہ نے کلفٹن سب میرین انڈر پاس کا دورہ کر کے چوہدری خلیق الزمان روڈ سے سن سیٹ بولیوارڈ کی طرف سڑک کی تعمیر کے لیے تین منزلہ عمارت گرانے کے کام کا معائنہ کیا اور عمارت مسمار کرنے کا کام تیز کرنے کی ہدایت کی ۔

تازہ ترین