• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاون خصوصی شفیع اللہ خان کا دورہ سنٹرل جیل پشاور

پشاور ( جنگ نیوز )وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات شفیع اللہ خان نے کہا ہے کہ جیلوں میں قید لوگ ہماری ہی معاشرے کا حصہ ہے اور خیبر پختونخوا حکومت صوبہ بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی بہتری کے لیے ایسا جدید فلاحی نظام لا رہی ہے جو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے ساتھ قیدیوں کی فلاح و بہتری کا ضامن ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سینٹرل جیل پشاور کے دورے کے دوران کیا۔اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات خالد عباس خان،سپریٹنڈنٹ جیل مقصود خان کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔معاون خصوصی نے کہا کہ حکومتی سطح پر ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جارہی ہے جو مختلف جیلوں کا جائزہ لے گی اور ضرورتوں کے مطابق اصلاحات کے لیے اپنی تجاویز پیش کرے گی۔معاون خصوصی نے جیل کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے خواتین بارک،قیدی بچوں کے بارک،کنٹرول روم ،کیچن، جیل ہسپتال، نئے بلاک اور قیدیوں کی خوراک کا معائنہ کیا۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل نے معاون خصوصی کو جیل کے مختلف بلاکوں،قیدیوں اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔معاون خصوصی نے بریفنگ میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر ان کے جیل دورے کا مقصد جیلوں میں بہتری لانا اور قیدیوں کی سہولیات کا جائزہ لینا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے جیلوں میں عملے کی کمی کو پورا کرنا اور ضروریات کے مطابق سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں خاص طور پر جیل عملے کو بہتر تربیت دینے اور قیدیوں کو بہتر شہری بنانے کے لئے ان کی اصلاح کی خاطر کوئی کمی نہیں چھوڑی جائے گی۔
تازہ ترین