پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے معروف ڈرامہ نگار و مصنف خلیل الرحمٰن قمر سے متعلق ایک اہم انکشاف کردیا۔
حال ہی میں فیروز خان نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی زندگی اور کیرئیر کے مخلتف موضوعات پر بات چیت کی اور اہم انکشافات بھی کیے۔
دورانِ گفتگو پروگرام کے میزبان نے فیروز خان سے پوچھا کہ ’کیا خلیل الرحمٰن نے یہ کہا تھا کہ آپ کبھی اداکار نہیں بن سکتے؟‘
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے فیروز خان نے کہا کہ ’جی ہاں! آپ نے بالکل درست کہا، خلیل الرحمٰن قمر صاحب نے مجھے ایک بار یہی کہا تھا کہ میں کبھی بھی اداکار نہیں بن سکتا۔‘
فیروز خان نے اپنی گفتگو کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’اس کے بعد، میری اور خلیل الرحمٰن قمر صاحب کی دوستی ہوگئی تھی اور اب ہم کافی اچھے دوست ہیں۔‘
واضح رہے کہ اسی پروگرام کے دوران فیروز خان نے شوبز انڈسٹری کو چھوڑنے کا فیصلہ کرنے کے باوجود جیو کے ڈرامہ سیریل ’ خدا اور محبت3‘ میں کام کرنے کا فیصلہ کرنے کی وجہ بتائی تھی۔
فیروز خان نے قرآن مجید کی ایک آیت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ جب انہوں نے اللّہ تعالیٰ کی رضا میں راضی ہوکر صحیح فیصلہ لے لیا تو پھر انہیں ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت 3‘ میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی اور ان کے دماغ میں یہ بات آئی کہ انہیں شوبز انڈسٹری کو چھوڑنے کے بجائے الیکٹرانک میڈیا کو ہی کسی اچھے مقصد کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک میڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں سے آپ مختصر وقت میں اپنا پیغام کوئی بھی اچھا مقصد لاکھوں لوگوں تک پہنچا سکتےہیں تو انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنے کام سے ہی لوگوں کو اچھائی کا پیغام دیں گے۔