• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی اے اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس آج ہوگا

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس میں ملک بھر کے ایئرپورٹس پر کاروباری کمپنیوں، ریسٹورنٹس، رینٹ اے کار کو کورونا ریلیف دینے سے متعلق بورڈ فیصلہ کرے گا۔

سی اے اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس آج وفاقی سیکریٹری وزارت ہوا بازی شوکت علی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس میں ڈی جی سی اے اے، ڈپٹی ڈی جی ڈائریکٹر شعبہ انجینئرنگ، ڈائریکٹر ایچ آر سمیت دیگر شعبوں کے ڈائریکٹر اجلاس میں شریک ہونگے۔

سی اے اے ذرائع کے مطابق ملک بھر کے ایئرپورٹس پر کاروباری کمپنیوں، ریسٹورنٹس، رینٹ اے کار کو کورونا ریلیف دینے سے متعلق بورڈ فیصلہ کرے گا۔

اجلاس میں کمرشل کنسیشن 40 سے 60 فیصد تک دینے پر غور ہوگا، کیونکہ کورونا میں لاک ڈاؤن کے باعث ایئرپورٹس بند ہونے سے ملک بھر کے ایئرپورٹس پر کاروبار بند تھے۔

سی اے اے کے شعبہ کمرشل حکام بورڈ کو بریفنگ دینگے، مارچ 2020 ءسے جون 2020 ء تک ایئرپورٹس پر کاروبار کرنے والی تمام کمپنیوں، ریسٹورنٹس اور شاپس مالکان کو پہلا کورونا ریلیف دیا گیا تھا، جولائی 2020 ء سے فروری 2021 ء کے دوران ایئرپورٹس پر کاروبار کرنے والی کمپنیوں کو دوسرا ریلیف دینے کا فیصلہ بورڈ اجلاس میں ہوگا۔

سی اے اے ملازمین کی تنخواہوں کے معاملے پر بھی بورڈ اجلاس میں غور ہوگا، سی اے اے بورڈ کراچی ایئرپورٹ کی 29 سال پرانی برقی سیڑھیوں اور اے سی پلانٹ کو تبدیل کرنے کی بھی منظوری دے گا اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر سی اے اے افسران کی سہولت کے لیے میس تعمیر کرنے کا معاملہ بھی زیر غور ہوگا۔

تازہ ترین