• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز الٰہی آصف زرداری کی ایک ملاقات سے یہ اتحاد نہیں ٹوٹے گا: فردوس عاشق اعوان

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی آصف زرداری کی ایک ملاقات سے یہ اتحاد نہیں ٹوٹے گا، ہم ڈٹ کر، جم کر ساتھ ن لیگ کو ان کے سیاسی گڑھ میں شکست دیں گے۔

پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ ق ہماری اتحادی ہے، ہر مشکل اور کٹھن مرحلے میں حکومت کا ساتھ دیا ہے، ملک کی ترقی و تعمیر کے لیے مسلم لیگ ق سے اتحاد آگے بڑھ رہا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاستدان آپس میں ملتے رہتے ہیں، میل ملاپ سیاست کا حُسن ہے، ملاقاتوں کی خبروں کو بڑھا چڑھا کر چائے کی پیالی میں طوفان برپا کیا جاتا ہے، ق لیگ سے اتحاد کچے دھاگے سے نہیں بندھا، جو ٹوٹ جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے رائے ونڈ میں تیتر بٹیر کھا کر جیالے کے تدفین کردی تھی، جیالوں نے متنفر ہو کر پی ٹی آئی کا رُخ کیا، اینٹی نواز شریف ووٹ یکجا کرکے پی ٹی آئی کو طاقت دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے کہا کہ آصف زرداری کا گٹھ جوڑ کر کے پنجاب میں جگہ بنانے کا خواب پورا نہیں ہوگا، تحریک انصاف اب پنجاب میں جگہ بنا چکی ہے، پیپلز پارٹی کا پنجاب میں اب کوئی سیاسی مستقبل نظر نہیں آرہا۔

فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ جہانگیر ترین وضع دار انسان ہیں، دوستوں کے ساتھ تعلقات نبھانے والا شخص ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین جماعت کے نظریہ کے ساتھ ہیں، کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے عدم استحکام ہو۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ جہانگیرترین کو حکومت کے خلاف سازش کی بھنک بھی پڑی تو وہ حکومت کے ساتھ ہوں گے۔

تازہ ترین