قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے لاہور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر بے حد دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب کے دارالحکومت میں یہ واقعہ آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے،کب سے کہہ رہا ہوں کہ امن و امان کی بگڑتی صورتحال توجہ کا تقاضا کر رہی ہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہاکہ اہم قومی مسائل کو پس پشت ڈالنے سے کام نہیں چلے گا، سرد مہری اور معاملات ٹالنے کی قیمت ملک اور قوم کو ادا کرنا پڑ رہی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ لہو کی فصل پہلے ہی کاٹ چکے ہیں، اس عفریت کا دوبارہ زندہ ہونا نیک شگون نہیں۔
شہباز شریف نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
واضح رہے کہ آج جوہرٹاؤن میں ہوئے دھماکے سے 3 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے ہیں، ایم ایس جناح اسپتال کا کہنا ہے کہ اسپتال لائےگئے افراد بال بیئرنگ سے زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے مقام پر بارودی مواد ایک گاڑی میں لایا گیا، سی ٹی ڈی حکام شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں۔