• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کے لیے پی ٹی آئی رکاوٹ ہے، مرتضیٰ وہاب

 ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ  سندھ حکومت کے لئےپی ٹی آئی رکاوٹ ہے، پی ٹی آئی کی حکومت بحران کی حکومت ہے۔

 ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کراچی کے علاقے گزری میٹرنیٹی ہوم میں کورونا ویکسین سینٹر کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایک زمانہ تھا جب اس اسپتال سے یہاں کے لوگ فائدہ اٹھاتے تھے،2018 میں اس علاقے سے عارف علوی اور عمران اسماعیل منتخب ہوئے ۔

انہوں نے کہا کہ میئر کو درخواست کی کہ اسپتال کو غریب عوام کے لئے کھول دیں، 2020 میں اسپتال کو این جی او سے لیکر دوبارہ بلدیہ عظمیٰ کو دیا گیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی نے درخواست کی جسے پورا کیا گیا ہے، کے ایم سی کا چھٹا اسپتال ہے جہاں سینٹر بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے لئےپی ٹی آئی رکاوٹ ہے، ایک عام آدمی وزیر اعظم کی بات سے متفق نہیں ہے، ملک میں اخلاقی بحران پی ٹی آئی نے پیدا کردیا ہے، وزیراعظم کو اپنا بیان واپس لینا چاہیے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کل کابینہ نے گندم کو درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ملک میں غیرملکی افراد کو منافع دیا جارہا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ وزیراعلی نے وزیراعظم سے 15 روز قبل ویکسین کی کمی کا ذکرکیا، اسد عمر نے یقین دلایا تھا کہ ویکسین کی کمی نہیں ہے، یہ لوگ اعلان کرتے ہیں کام نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں ایسے لوگ ہیں جن کے پاس شناختی کارڈ نہیں، انہیں سنگل ڈوز کین سائینو کا لگانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سنگل ڈوز ویکسین کی منظوری وفاق سے چاہیے۔

تازہ ترین