• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور اسپین کے مابین دہری شہریت کے معاہدے پر کام ہوگا، سفیر پاکستان

اسپین میں پاکستانی سفیر شجاعت راٹھور کا کہنا ہے کہ ان کے دور میں پاکستان اور اسپین کے مابین دہری شہریت کے معاہدے پر کام ہوگا۔

میڈریڈ میں چارج سنبھالنے والے سفیر پاکستان شجاعت راٹھور نے جنگ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہالینڈ میں میری مدت ملازمت میں پاکستان اور ہالینڈ کے مابین ایکسپورٹ کی شرح 682 ملین یورو سالانہ سے بڑھ کر 1.25بلین تک پہنچی، میرا فوکس ہو گا کہ اسپین کے ساتھ بھی ہماری درآمدات اور برآمدات کی شرح اسی رفتار سے بڑھے۔

گفتگو کے دوران شجاعت راٹھور کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبے کی افادیت دُنیا جانتی ہے لیکن یورپی ممالک کے لیے وہاں سرمایہ کاری کرنا بہت مفید ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے پر توجہ دے تاکہ ہمیں ہسپانوی کمیونٹی اور یہاں کے مقامی اداروں تک رسائی حاصل ہو جس سے پاکستانیوں کے وجود کو تسلیم کرنے میں مقامی معاشرے کو آسانی ہو گی۔

انھوں نے کہا کہ میں سب سے پہلے یعنی آج ہی نیشنل پولیس بیورو اسلام آباد کے سربراہ کو خط لکھ رہا ہوں کہ وہ اسپین کے لیے بنائے جانے والے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ پر ”ری اشوڈ“ نہ لکھا کریں یہاں کے ادارے اس پر اعتراض کرتے ہیں اور کاغذات کے مکمل ہونے کی کاروائی سست روی کا شکار ہو جاتی ہے۔

شجاعت راٹھور کا کہنا تھا کہ اسپین میں رہنے والے بہت سے ممالک کے باشندوں کو 3، 5 یا دس سال کے بعد شہریت دی جاتی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ 10سال والوں میں پاکستانی بھی شامل ہیں، شہریت حاصل کرنے کا پراسس مکمل ہونے تک انھیں 12سے 14سال تک کا عرصہ لگ جاتا ہے، تاہم کوشش ہوگی کہ اس حوالے سے حکومت کے ساتھ بات چیت کی جائے کہ وہ پاکستانیوں کو بھی کم عرصے میں شہریت دینے کی پالیسی بنائیں۔

سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی زیادہ تعداد بارسلونا اور اُس کے گرد و نواح میں مقیم ہے اور وہاں ہمارا قونصل خانہ بہتر سروسز مہیا کر رہا ہے جس سے کمیونٹی خوش ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری اولین ترجیح ہوگی کہ ہسپانوی کمپنیز کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مزید قائل کیا جائے کیونکہ ابھی انرجی سیکٹرز میں بہت بڑا سکوپ موجودہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں او پی سی پنجاب کے نمائندے کا کام قونصل خانے میں جا کر از خود دیکھوں گا کہ اُن کے کام سے کیا نتائج برآمد ہورہے ہیں، جی ایس پی پلس کی مضبوطی اور فرانس کے یورپی پارلیمنٹ میں پابندیوں کی پالیسیوں کو بھی دیکھنا ہو گا اس پر دن رات کام کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپین اور پاکستان کے مابین دہری شہریت کی پالیسی پر بھر پور کام کیا جائے گا اور حکومتی لیول پر کوشش کریں گے کہ پاکستانیوں کو اسپین اور پاکستان کی شہریت بیک وقت رکھنے کی اجازت ملے اور یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان جلد طے پا جائے۔

اس بات چیت میں ہیڈ آف چانسلری سفارت خانہ پاکستان دانش محمود بھی موجود تھے جنہوں نے سفیر پاکستان کو سفارت خانہ میں دونوں حکومتوں کے مابین اس حوالے سے ہونے والے مذاکرات کے بارے میں بریفنگ دی۔

واضح رہے کہ 28 جون کو بارسلونا میں ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس میں آئی ٹی منسٹر سید امین الحق پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

ورلڈ موبائل کانگریس میں پاکستانی اسٹال پر کمرشل قونصلر میڈرڈ ڈاکٹر احمد عفان، ہیڈ آف چانسلری دانش محمود قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری اور سفیر پاکستان شجاعت راٹھور موجود ہوں گے۔

یہ سفارت کار 29 جون کو قونصل خانہ بارسلونا میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ایک تعارفی نشست میں حصہ لیں گے۔

تازہ ترین