• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی کا کلبھوشن سے متعلق بل کی مخالفت میں ووٹ دینے کا فیصلہ


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق بل کی مخالفت کرنے کا اعلان کردیا۔ 

پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ایک شخص کے لیے چور دروازے سے رات کے اندھیرے میں آرڈیننس تیار کیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس شخص نے اس آرڈیننس کا فائدہ ہی نہیں لیا، اب حکومت وہ بل پارلیمان میں لا رہی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پی پی پی اس بل کی مخالفت میں ووٹ دے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کلبھوشن سے متعلق بل پر حکومت نے اعتماد میں نہیں لیا، پیپلز پارٹی اس معاملے میں سہولت کار نہیں بنے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کو این آر او دینا ہے تو عمران خان خود دیں۔

افغانستان کے معاملات پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے مسئلے پر ہم نے بہت سے سبق سیکھے ہیں، افغانستان سے متعلق فیصلوں کا پوری دنیا پر اثر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے متعلق آج کے فیصلوں کے 30 برسوں تک نتائج بھگتیں گے، تاہم افغانستان سے متعلق کیا ڈیل ہوئی ہے پارلیمان کو آگاہ کیا جائے۔

پاکستانی ہوائی اڈوں کی امریکی فورسز کے استعمال سے متعلق وزیراعظم کے بیان پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہوائی اڈوں سے متعلق عمران خان کے بیان پر یقین نہیں رکھتے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ تشویش ہے کہ عمران خان ہوائی اڈوں کے معاملے پر بھی یوٹرن نہ لے۔

بلاول بھٹو نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر خورشید شاہ کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں گے۔

تازہ ترین