پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دے دیا۔
ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے فائنل میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ملتان سلطانز کے بلے بازوں نے محتاط اور ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کے بولرز کو خود پر حاوی نہیں ہونے دیا۔
پہلے کپتان محمد رضوان اور سابق کپتان شان مسعود نے ٹیم کو 68 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا۔
اس اسکور پر شان مسعود 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد 83 کے مجموعے پر رضوان 30 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
اس کے بعد صہیب مقصود اور رایلی روسو نے 98 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو بڑے ہدف کی جانب گامزن کیا۔
رایلی روسو تو 21 گیندوں پر 50 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، وہ سمین گل کی گیند پر 19ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔
ان کے ساتھ موجود صہیب مقصود نے اپنی فارم برقرار رکھتے ہوئے 35 گیندوں پر 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
اختتامی لمحات میں خوش دل شاہ کے 5 گیندوں پر 15 رنز کی بدولت نہ صرف ملتان سلطانز نے فائنل میں 200 کا ہندسہ عبور کیا بلکہ مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر مجموعی طور پر 206 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے سمین گل 22 رنز کے عوض 2 وکٹیں لے کر کامیاب بولر رہے، ان کے علاوہ محمد عمران کو بھی 2 وکٹیں ملیں تاہم انھوں نے اپنے 4 اوورز کے کوٹہ میں 47 رنز لیک کیے۔
خیال رہے کہ ایونٹ کے فائنل مقابلے میں ملتان سلطانز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ پشاور زلمی میں عمید آصف کی جگہ پر سمین گل کو شامل کیا گیا ہے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم اور مینجمنٹ کے ساتھ مل کر اچھا ماحول بنانے کی کوشش کی ہے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم کپتان محمد رضوان، شان مسعود، صہیب مقصود، رایلی روسو، جانسن چارلس، خوش دل شاہ، سہیل تنویر، عمران طاہر، بلیسنگ موزاربانی، عمران خان اور شاہنواز دہانی پر مشتمل ہے۔
پشاور زلمی کی ٹیم میں کپتان وہاب ریاض، حضرت اللہ زازئی، کامران اکمل، جوناتھن ویلز، شعیب ملک، رومین پاول، شیرفین ردرفورڈ، عماد بٹ، سمین گل، محمد عرفان اور محمد عمران شامل ہیں۔