کراچی(اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے 6 برس سے لاپتا شہری نیاز اجن کی بازیابی سے متعلق دائر درخواست پرپولیس سے تین ہفتے میں پیش رفت رپورٹ طلب کر لی، سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس مقبول باقر ،جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل بینچ نے پولیس حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آپ نے اب تک کیا تحقیقات کی ہے، جس کا پولیس حکام کی جانب سے مفصل جواب نہیں دیا گیا، دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جے آئی ٹیز بنائی گئی ہیں اور تحقیقات کی ہے،سماعت کے موقع پر پولیس کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ مغوی کسی خاتون سے شادی کر کے خود غائب ہوگیا ہے، عدالت نے ایس ایس پی ملیر کی سر زنش کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی ہے اس وقت وہ کہاں ہے یہ پتا لگانا آپ کا کام ہے، ریاست نے آپ کو شہریوں کی حفاظت کے لئے ذمہ داری دی ہے،آپ اپنی ذمہ داری کو پورا نہیں کر پائے، مغوی نیاز اجن کے اہل خانہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نیازاجن ملیر بھینس کالونی سے 2016ءسے غائب ہے اور نیاز اجن بھینس کالونی کے قریب ملازمت کرتا تھا ،وہ مارچ 31کے بعد ملازمت سے واپس گھر نہیں آیا ۔