• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھاندلی روکنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، الیکٹرونک ووٹنگ شفاف انتخابات کا واحد راستہ، عمران خان

اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابی دھاندلی کو روکنے کیلئے حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے‘ الیکٹرونک ووٹنگ کا عمل شفاف انتخابات کا راستہ ہے‘ انشاء اللہ آئندہ سال ملک سےپولیو کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔

جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بل گیٹس کے ساتھ ان کی فون پر گفتگو ہوئی ہے اور پاکستا ن میں پولیو کے خاتمے کے لیے ان کی فائونڈیشن کی مدد پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال ملک میں پولیو کے 56 کیسز سامنے آئے تھے جبکہ اس سال اب تک پولیو کا صرف ایک کیس سامنے آیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے بل گیٹس سے یہ بھی کہا کہ کیا وہ پاکستان میں مائیکروسافٹ انکیوبیشن لیب قائم کر سکتے ہیں۔علاوہ ازیں وزیر اعظم سے اوورسیز پاکستانیز فورم کے وفد نے شاہد رضا رانجھا کی سربراہی میں ملاقات کی۔

وفد نے وزیر اعظم کا اوورسیز پاکستانیز کو ووٹ کا حق دینے اور اس ضمن میں قانون سازی کے حوالے سے خصوصی کاوشوں پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء جمعرات کوعمران خان سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی ۔

تازہ ترین