• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان سلطانز پہلی بار PSL چیمپئن،ساڑھے 7 کروڑ روپے ملیں گے

ابوظبی(جنگ نیوز)ملتان سلطانز نے پہلی بار پاکستان سپر لیگ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔فائنل میں اس نے سابق چیمپئن اور چار بار کی فائنلسٹ پشاور زلمی کو47 رنز سے شکست دی۔

ٹورنامنٹ کی فاتح ملتان کی ٹیم کو ٹرافی کے علاوہ ساڑھے سات کروڑروپے اوررنرزاپ ٹیم پشاور کو 3 کروڑ روپےکی خطیر انعامی رقم ملی۔ملتان نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے تھے ۔

ملتان سلطانزنے پی ایس ایل فائنلز کی تاریخ کا سب بڑا اسکوربنادیااس سے قبل فائنل کا زیادہ سے زیادہ اسکور سیزن ون کےفائنل میں اسلام آباد نےکوئٹہ کے خلاف 175 رنزبناکرٹائٹل جیتا تھا۔

جواب میں پشاور زلمی 9وکٹ پر159 رنز بناسکی۔شعیب ملک نے28گیندوں پر48رنز بناکر مزاحمت کی لیکن ان کی کوشش بڑے ہدف کے تعاقب میں ناکافی تھی۔

عمران طاہر نے ایک اوور میں ردرفورڈ ،وہاب ریاض اور محمد عمران کو آوٹ کرکے میچ کو اختتام کے قریب پہنچا دیا۔انہوں نے33رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔عمران خان نے دو وکٹ حاصل کئے۔

فائنل سے چند گھنٹے پہلے پاکستانی ٹیم میں شامل ہونے والے صہیب مقصود اور رائیلی روسو کی دھواں دار بیٹنگ نے پشاور زلمی کا دوسری بار ٹائیٹل جیتنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے نہیں دیا۔

صہیب مقصود نےبرق رفتار فارم کو برقرار رکھتے ہوئے35گیندوں پر65ناٹ آوٹ رنز بنائے جس میں تین چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔ان کا حضرت اللہ زازئی نے آسان کیچ چھوڑ دیا تھا۔خوش دل شاہ دو چھکوں کی مدد سے15رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔

رائیلی روسو نے21گیندوں پر پچاس رنز بناکر آوٹ ہوئے۔زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے چار اوورز میں52اور عماد بٹ نے بھی52رنز دیئے۔ثمین گل نے دو وکٹ 26رنز دے کر حاصل کئے۔

جمعرات کی شب شیخ زائد اسٹیڈیم میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔صہیب مقصود نے دھواں دار فارم برقرار رکھتے ہوئے 27 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی جبکہ دوسرے اینڈ سے روسو نے ان کا بھرپور ساتھ نبھاتے ہوئے صرف 20 گیندوں پر پچاس رنزمکمل کئے۔

98 رنز کی اس شراکت کا خاتمہ اننگز کے 19ویں اوور میں اس وقت ہوا جب ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں رائلی روسو شارٹ تھرڈ مین پر کھڑے عرفان کو کیچ دے بیٹھے۔

قبل ازیں دونوں اوپنرز نے ساتویں اوور میں ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی اور اسکور کو 68 تک پہنچا دیا۔ اس مرحلے پر شان ، محمد عمران کی ایک آہستہ گیند کو سمجھ نہ سکے اور 37 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔محمد رضوان وکٹوں کے عقب میں کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 30 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔

روسو کے بعد ثمین گل نے اگلی ہی گیند پر جانسن چارلس کو بھی آوٹ کردیا۔جواب میں میچ کے چھٹے اوور میں ڈینجر مین زازئی نے بلیسنگ مزربانی کو چھکا مارا لیکن اگلی ہی گیند پر پوائنٹ پر کیچ دے بیٹھے۔

اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر عمران خان نے کامران اکمل کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی اور وکٹ میڈن کرا کر حریف ٹیم پر دباؤ مزید بڑھا دیا۔

10ویں اوور میں دو رن لینے کی کوشش میں ناکامی پر جوناتھن ویلز کو اپنی وکٹ گنوا پڑی اور زلمی کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا۔ شعیب ملک کی قیمتی وکٹ بھی مل گئی جب وہ وکٹوں کے عقب میں کیچ ہو گئے لیکن تھرڈ امپائر نے عمران خان کا پیر کریز سے باہر جانے پر نوبال قرار دے دی۔اس وقت ان کا اسکور17رنز تھا۔پاول مزربانی کی گیند پر 23رنز بناکر کیچ آوٹ ہوئے۔

تازہ ترین