انسانی صحت برقرار رکھنے میں وٹامنز اور منرلز اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ کچھ وٹامنز صحت سمیت خوبصورتی میں اضافے کے لیے بھی مؤثر ثابت ہوتے ہیں جن میں وٹامن ای بے شمار فوائد کے ساتھ سر فہر ست ہے۔
طبی و غذائی ماہرین کے مطابق وٹامن ای انسانی صحت کے لیے بنیادی جُز سمجھا جاتا ہے، وٹامن ای ایک کے بجائے کئی فیٹ سلیوبل اور اینٹی آکسیڈنٹ خوصوصیات کا مجموعہ ہے، وٹامن ای جہاں مجموعی صحت میں کردار ادا کرتا ہے وہیں کینسر سے بھی بچاتا ہے۔
وٹامن ای خوبصورتی میں اضافے کے لیے براہ راست چہرے پر لگایا جا سکتا ہے، داغ، دھبوں اور ایکنی والی جِلد کے لیے وٹامن ای سے فیس مساج تجویز کی جاتی ہے، اس کے ساتھ اسے روزانہ استعمال کی جانے والی کاسمیٹک اشیا جیسے باڈی لوشن اور کریم میں ملا کر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
مارکیٹ میں با آسانی سستے داموں دستیاب وٹامن ای اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کا حامل ہونے کے سبب جِلد کے داغ دھبوں اور متعدد بیماریوں کا بہترین علاج ہے۔
وٹامن ای کے کیپسول کو روزانہ کی بنیاد پر بطور سپلیمنٹس بھی کھایا جا سکتا ہے جبکہ اسے براہ راست جِلد پر لگا کر بے شمار اور کرشماتی نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں، وٹامن ای کے اسکن پر لگانے سے حاصل ہونے والے چند فوائد مندرجہ ذیل درج ہیں۔
جلد کو موسچرائز کرتا ہے
خشک جلد والوں کے لیے وٹامن ای ایک بہترین موسچرائزر ہے، وٹامن ای کا استعمال کریم یا لوشن میں ملا کر استعمال کیا جا سکتا ہے، رات سونے سے قبل اس وٹامن کے کیپسول سے آئل نکال کر چہرے پر مساج کرنے سے جھریوں، داغ دھبوں اور ایکنی کا دنوں میں خاتمہ ممکن ہوتا ہے اور جِلد صاف شفاف اور چہرہ بارونق نظر آتا ہے۔
بالوں کی خوبصورتی کے لیے وٹامن ای آئل کا استعمال
وٹامن ای کا استعمال کسی بھی دستیاب تیل میں ملا کر کیا جا سکتا ہے ، مطلوبہ تیل کی مقدار میں وٹامن ای کا ایک کیپسول ملا لیں، یہ تیل بالوں میں لگانے سے بال گھنے، ملائم، چمکدار، ڈائے کیے ہوئے بالوں کا روکھا پن دور ہوتا ہے اور بالوں کی گرنے کی رفتار کم ہو جاتی ہے۔
جُھلسی ہوئی اسکن کا علاج
وٹامن ای سورج کی شعاؤں سے جھلس جانے والی جِلد کا بہترین علاج ہے، سورج کا براہ راست سامنا جِلدی کینسر کا سبب بنتا اور جِلد کو جھلسا کر کالا بھی کر دیتا ہے، ان اثرات سے بچنے کے لیے وٹامن کا استعمال براہ راست پاؤں، بازوؤں، گردن اور چہرے پر کیا جا سکتا ہے۔
ناخنوں کی صحت میں معاون
کمزور، پتلے اور ٹوٹتے ناخنوں سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر وٹامن ای کا استعمال لازمی کرنا چاہیے، وٹامن ای ناخنوں کی بیماری ’ییلو نیل سینڈروم‘ سے بھی نجات کا باعث بنتا ہے، وٹامن ای کے بطور سپلیمنٹس استعمال سے ناخنوں، بالوں اور جِلد کی صحت بہتر ہوتی ہے۔
وٹامن ای کا استعمال کیسے کیا جائے ؟
وٹامن ای کا استعمال ہر انسان پر مختلف طریقے سے اثر انداز ہو سکتا ہے، وٹامن ای کے استعمال سے قبل اپنی جِلد پر اسے ٹیسٹ ضرور کر لیں۔
وٹامن ای کا کیپسول سوئی کی مدد سے پھوڑیں اور اس میں سے وٹامن ای کا تیل نکال کر اپنے بازوؤں پر ایک انچ کے حصے پر لگائیں۔
اس کے بعد آنے والے 24 سے 48 گھنٹوں تک کا انتظار کریں، جلد پر اگر کسی قسم کا ری ایکشن نہ ہو تو اس کا استعمال براہ راست جاری رکھیں۔
اگر اس ٹیسٹ کے دوران جِلد پر خارش، انفیکشن یا ری ایکشن ہو تو وٹامن کا استعمال ہر گز نہ کریں۔