• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس بندش کے پیداواری سرگرمیوں پر اثرات پر اہم اجلاس

گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت سندھ انڈسٹریل رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، کمیٹی نے بتایا کہ گیس کی بندش سے پیداواری سرگرمیاں سست پڑ گئی ہیں۔

اجلاس میں ایم ڈی سوئی سدرن، سی ای او ایس ڈی سی ایل، سی ای او کے الیکٹرک نے شرکت کی۔

کراچی چیمبر اور صنعتی علاقوں کی انجمنوں کے نمائندے اور خرم شیر زمان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اس موقع پر بجلی، گیس کی فراہمی اور صنعتی علاقوں کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کمیٹی اراکین نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ ایس ایس جی سی نے صنعتوں کو گیس کی فراہمی معطل کی ہوئی ہے، گیس کی بندش سے پیداواری سرگرمیاں سست پڑ گئی ہیں۔

ایم ڈی سوئی سدرن نے کمیٹی کو بتایا کہ مرمت کے باعث ایکسپورٹ سے وابستہ نہ ہونے والی صنعتوں کی گیس بند کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیپٹیو بجلی گھروں کوگیس فراہمی میں بھی 50 فیصد کمی ہوئی،ان اقدامات کا مقصد رہائشی صارفین کو گیس کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔

ایم ڈی سوئی سدرن نے یہ بھی کہا کہ اسٹیک ہولڈرز کو پہلے ہی آگاہ کردیا گیا تھا، کے پی ٹی گیس ٹرمینل کی مرمت وبحالی کا کام جولائی کے پہلے ہفتے ہوجائے گا۔

اُن کا کہنا تھاکہ صنعتی یونٹوں کو گیس کی فراہمی 10 جولائی تک بحال کردی جائے گی۔

تازہ ترین