اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق نمائندگی کا نیا فارمولا پیش کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے قومی اسمبلی اور سینٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز دیدی اور کہاہے کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے نمائندے پارلیمان میں انکی نمائندگی کرتے ہوئے مسائل پیش کرسکیں گے۔
قومی اسمبلی میں 5 سے 7 اور سینیٹ میں 2 نشستیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے مختص کرنی چاہئیں، ان نشستوں پر نمائندگی کا طریقہ کار اور شرائط پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتیں ملکر طے کریں۔
ایک بیان میں شہبازشریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق نمائندگی کا نیا فارمولا پیش کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے قومی اسمبلی اور سینٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز دیدی۔
انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے مطلوبہ قانون سازی کی جاسکتی ہے،اس طریقہ کار سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمان میں یقینی نمائندگی مل سکتی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ اسی سوچ کے تحت آزاد جموں وکشمیر اسمبلی میں اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کیلئے نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ جمہوری سوچ اور اصولوں کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے ووٹ کے حق کی حمایت کرتی ہے۔
بیرون ملک مقیم پاکستانی الیکشن کے وقت ملک آکر ووٹر لسٹ میں اپنے ووٹ کے اندراج کے مطابق ووٹ ڈالیں۔ انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم ہمارے پاکستانی بہن بھائی ہمارا قیمتی اثاثہ اور پاکستان کی شان ہیں،بیرون ملک مقیم 80 لاکھ پاکستانی ہماری طاقت اور فخر ہیں جو ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔
ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ملک سے غیر متزلزل محبت، فکر اور کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اوورسیز کمیونٹی کے پاکستان میں درپیش تمام مسائل کا فوری، منصفانہ اور جائز حل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیدادوں کا قبضہ چھڑانے سمیت ان کے سرمایہ کے فروغ اور تحفظ تک تمام مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، انکے حق رائے دہی کا احترام کرتے ہیں۔
پاکستان آنے جانے کے دوران انکے مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ان مقاصد کے حصول کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے، آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔