اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ عمران خان آئی ایم ایف کے سامنےڈٹ گیا،غریبوں پربوجھ نہیں ڈالے گا، یہ حکومت جب کوئی وعدہ کرتی ہے اسے پورا کرتی ہے۔
اگر ہماری گروتھ ریٹ نیگٹو آئی تو چین کے علاوہ سب کی نیگٹوہوئی کونسی قیامت آگئی، ہماری حکومت میں کورونا کے دوران گروتھ ریٹ 4 فیصد پر آگئی ہے، 1968 میں پاکستان ایشیاء میں چوتھی بڑی معیشت تھی اب کہاں ہیں۔
قومی اسمبلی میں وزارت خزانہ کے مطالبات زر پر اپوزیشن کی کٹوتی کی تحریکوں پر بحث سمیٹتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ بجٹ سازی کا سسٹم 74 سال پرانا نظام ہے، اپوزیشن اپنے 30 سال میں اس نظام کو بھی دیکھ لے، وہ ٹیکسیشن کا نظام بھی دیکھ لے، ہم بھی اس نظام کے بارے میں کہتے ہیں یہ ٹھیک نہیں ہے ہم اس کو ٹھیک کر رہے ہیں۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ عمران خان غریب آدمی پر بوجھ نہیں ڈالے گا، ابھی تک تو عمران خان نے اتنے ماہ سے پیٹرولیم قیمتیں نہیں بڑھائی، ہم نے ایک اکنامک ایڈوائزری کونسل بنائی جس میں تفصیلی پلان بنا لیے گئے ہیں، ہم کاروبار کیلئے قرضے اور صحت کارڈ بھی دیں گے جب کہ اگلے سال جون سے پہلے دس کروڑ پاکستانیوں کو کوروناویکسین ہو جائے گی۔