اسلام آباد( نامہ نگار) چیئرمین کشمیر کمیٹی شہر یار آفریدی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر بارے عالمی توجہ حاصل کرنےکیلئے میعاری ریسرچ پیپرز کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر جاری کرینگے اس مقصد کیلئے جلد ڈیجیٹل ویب سائٹ کام شروع کر دیگی، پارلیمنٹ اور پارلیمانی کمیٹوں نے عالمی سطح پر کشمیریوں کیلئے آواز اٹھائی ہے ، ہم نے کشمیر کا بیانیہ بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا، انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں ہندوئوں کی غیر قانونی آبادی کاری کے حوالے سےسنٹر فار لا اینڈ سکیورٹی کی رپورٹ کےاجراء کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان کلچر پر حملہ آور ہو کر تاریخ مسخ کر رہا ہے اور ہمارے نوجوان اس سوچ کی طرف جارہے ہیں ، ہم نے اسکو سامنے رکھ کر کشمیر کی ثقافت کو اجاگر کرنے کا کام شروع کیا اس مقصد کیلئے ہم نے آئی ایس پی آر کے علاوہ پیمرا ، صحافیوں اور سیاستدانوں سے رجوع کیا ، ہم کشمیر کی ثقافت کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے سینما ، تھیٹر اور ڈاکیو منٹری سے مدد لیں گے ۔ صدرآزاد کشمیر سردار مسعود نے کہاکہ جموں کشمیر ریاست پاکستان کا حصہ ہے اسلئے شہ رگ ہے، دہلی میں غداران کشمیر کشمیریوں کے قاتل مودی سے جس طرح گفتگو کررہے تھے وہ باعث شرم ہے ، کشمیر قوم نہیں بھولی ہے ، عمر عبداللہ کے دور میں پہلی دفعہ پیلٹ گنز استعمال کر کے کشمیریوںکو نابینا کیا گیا، جب یہ حکومت سے باہر ہوتے ہیں تو حکومت لینے کے بلیک میل کرنا شروع کردیتے ہیں محبوبہ مفتی نے اس حد تک بلیک میل کیا کہ اس نے سبزہلالی رنگ کے کپڑے پہننا شروع کردیئے کشمیری دھوکہ کھانے والے نہیں ، ہندوستان کیخلاف ہمار اقانونی مقدمہ ہے ، کشمیر پاکستان سے جدا نہیں اگر کشمیر کھو بیٹھے تو پاکستان محفوظ نہیں رہے گا،ریاست کو بچانا ہے تو کشمیر کے مقدمہ سےایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹنا ہے، سینیٹرولیداقبال نے کہاکہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کوعالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئےبھرپور فیصلہ کیا ہے، تقریب سے احمر بلا ل صوفی، ریاض کھوکھر اور فیصل مشتاق پی آر او ٹو صد ر آزاد کشمیر نے بھی خطاب کیا۔