کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماؤں رحیم آغا، حاجی فوجان بڑیچ ،سید حیدر آغا، ڈاکٹر طاہر خان اور حاجی آزاد شاہ نے ضلع کوئٹہ کے الیکشن کے نام پر غیر آئینی طریقے سے لوگوں کو منتخب کرنے پر مذکورہ الیکشن کے عمل کو مسترد کرتے ہوئے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے ۔اگر پارٹی کے بانی رہنماؤں مرکزی صدر اورسیکرٹری جنرل نے اس صورت حال کا نوٹس لے کر حقیقی نمائندوں کے تحفظات کو دور نہ کیا تو ہم صوبہ بھر میں احتجاج کریں گے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری پارٹی قیادت پر عائد ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو دیگر ساتھیوں وحید بلوچ ،سید رشید آغا ، سردار نور محمد خلجی، عبدالرحیم اچکزئی ، اکرم مسیح ،حاجی امان اللہ، عبداللہ بڑیچ، صدام بڑیچ سمیت دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے خفیہ الیکشن کے ذریعے منتخب شدہ لوگوں کو ضلع کوئٹہ کے الیکشن کے ذریعے مسلط کیا جا رہا ہے جو غیر آئینی اور پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا سبب ہے اس کو پارٹی کے بانی ارکان مسترد کرتے ہوئے غیر آئینی اور خفیہ سلیکٹڈ الیکشن کو مسترد کرکے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں کیونکہ اس انتخاب میں پارٹی کے ضلع کوئٹہ کے اکثر فعال یونٹوں کو بے خبر رکھا گیا ہے ٹھیکیدار اور مفاد پرست ٹولے نے پارٹی کی ممبر شپ اور فعال یونٹوں کو پس پشت رکھ کر بوگس تنظیمی الیکشن کا 27 جون کو انعقاد کیا جس میں پارٹی کے وجود سے لے کر آج تک کوئٹہ میں بنائے گئے حقیقی یونٹس کو نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم پارٹی کے بانی ارکان میں سے ہیں ۔وزیراعلیٰ جام کمال پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر سعید احمد ہاشمی پارٹی کے بانی اور سینیٹر منظور خان کاکڑ سیکرٹری جنرل ہیں ان سے مطالبہ ہے کہ وہ بوگس اور غیر آئینی الیکشن کو معطل کرکے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ضلع کوئٹہ کے صاف و شفاف الیکشن کے لئے ایک ماہ کا وقت دیں اور ابتدائی یونٹوں کا اجلاس بلا کر یونٹوں کے ذریعے کوئٹہ کے الیکشن کی تیاری کی جاسکے ۔ اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں حاجی فو جان بڑیچ نے کہاکہ ہم نے پارٹی کو مضبوط بنانے اور الیکشن میں جتوانے کے لئے اپنا کلیدی کردار اداکیا گزشتہ تین سال سے پارٹی کے منتخب نمائندوں نے ہمارے علاقوں کا دورہ تک نہیں کیا ہمارے 20 ہزار سے زائد گھرانے اپنے مسائل کے حل کے خواہاں ہیںلیکن حکومت ان پر کوئی توجہ نہیں دے رہی۔