خون میں سُرخ ذرّات اور ہیموگلوبن کی کمی ’’اینیمیا‘‘ کہلاتی ہے۔ ہیموگلوبن آئرن اور پروٹین سے مل کر بنتا ہے،جو خون کی رنگت سُرخ بناتا ہے۔ اگرجسم میں کسی بھی سبب خون کی کمی واقع ہوجائے، تو مطلوبہ مقدار میں آکسیجن فراہم نہ ہونے کے نتیجے میں تھکاوٹ اور کم زوری محسوس ہونے لگتی ہے،جب کہ سانس لینے میں دشواری، چکر آنے ، سر درد، ہاتھ ، پائوں ٹھنڈے رہنے، جِلد کی رنگت پیلی پڑجانے اور سینے میں مسلسل دردجیسی علامات بھی ظاہر ہوسکتی ہیں۔ جسم میں خون کی شدید کمی دِل ودماغ کے لیے نقصان دہ ہے، تو بعض اوقات جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے۔اگر کسی فرد میں مذکورہ علامات ظاہر ہوں،تو اُسے فوری طور پر ماہر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے، تاکہ کسی بڑے نقصان سے محفوظ رہا جاسکے۔
خون کئی اجزاء پر مشتمل ہوتا ہے، جن میں سُرخ خلیات(ریڈ بلڈ سیلز)، سفید خلیات(وائٹ بلڈ سیلز)، پلیٹ لیٹس اور پلازما وغیرہ شامل ہیں۔ خون کےسُرخ خلیات Biconcave Discکی مانند ہوتے ہیں اور ان کے مرکز میں نیوکلیس نہیں پایا جاتا۔ یہ سُرخ خلیات اسپونجی ٹشوز (Spongy Tissues) کے اندر ہڈی کے گُودے میں موجود ہوتے ہیں۔ ان کا کام جسم سے کاربن ڈائی آکسائڈخارج کرکے آکسیجن کی روانی برقرار رکھنا ہے۔
خون کے سفید خلیات بھی ہڈی کے گُودے میں افزایش پاتے ہیں، البتہ ان کا کام بیماریوں کے خلاف لڑنا ہے، جب کہ پلیٹ لیٹس خون جمانے کا عمل تیز کرتے ہیں۔مثال کے طور پر آپریشن ،حادثے یا چوٹ کی صُورت میں جس شریان سے خون بہہ رہا ہو،پلیٹ لیٹس وہاں اکٹھے ہوکر عارضی طور پر زخم بَھر دیتے ہیں اور خون بہنا بند ہوجاتا ہے۔
اینیمیا کی کئی ایسی اقسام ہیں۔ ان میں آئرن ڈیفیشینسی اینیمیا سب سے عام ہے۔ ایک قسم گیسٹیشنل اینیمیا بھی ہے،جس کی شکار زیادہ تر حاملہ خواتین ہوتی ہیں۔ اور یہ شکایت چند ادویہ کے باقاعدہ استعمال سے ختم ہوجاتی ہے۔ جب کہ فولک ایسڈ کی کمی سے بھی خون کی نارمل مقدار کم ہوجاتی ہے۔اینیمیا کی ایک اور قسم Aplastic Anemia ہے، جس میں ہڈی کا گُودا کام کرنا چھوڑ دیتا ہے۔ نیز، ہیمولیٹک اینیمیا بھی خون کی کمی کا باعث بنتا ہے۔ پھر اینیمیاکی بعض اقسام ایسی ہیں،جو زندگی بَھر کا روگ بن جاتی ہے۔ جیسے تھیلیسیمیا کا عارضہ، جو خون کے سُرخ ذرّات متاثر کردیتا ہے، جس کے نتیجے میں جسم میں خون کی شدید کمی واقع ہوجاتی ہے اور تا عُمر بار بار خون لگوانے کی ضرورت پیش آتی ہے۔
علاوہ ازیں، خون کی کمی کی دیگر وجوہ میں سُرخ خلیات کی افزایش متاثر ہوجانا، ان خلیات میں توڑ پھوڑ، مختلف حادثات، آپریشنز، زچگی ، ماہ واری میں زائد خون بہہ جانا، پیشاب یا پاخانے میں خون کا اخراج،آئرن اور وٹامنز سے بَھرپور غذائوں کا کم استعمال، مزمن امراض مثلاً دِل، گُردے، جگر اور گلے کے عوارض، تھیلیسیمیا، ذیابطیس، جوڑوں کا درد، ایڈز، نظامِ انہضام کے مسائل، انفیکشن کا جسم میں زیادہ دیر تک رہنا اور موروثیت وغیرہ شامل ہیں۔
خون کے سُرخ خلیات کی افزایش میں کمی زیادہ تر کیسز میں موروثی ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر والدین نے جو جینز بچّے میں منتقل کیے وہ ایب نارمل ہوں، تو پیدایشی طور پر بچّے کے جسم میں خون کے سُرخ خلیات کم مقدار میں بنتے ہیں۔ علاوہ ازیں، فولک ایسڈ اور وٹامن بی-12 والی غذاؤں کے کم استعمال سے بھی خون کے سُرخ خلیات بننے کا عمل رُک جاتا ہے۔ اس کے علاوہ مزمن امراض جیسے سرطان اور گُردوں کی بعض بیماریوں میں بھی جسم، خون کے سُرخ خلیات کی نارمل مقدار نہیں بنا پاتا اور خون کی کمی واقع ہوجاتی ہے۔
اس کے علاوہ سرطان کی بعض اقسام ایسی ہیں، جن کے علاج کے دوران ہڈی کا گُودا متاثر ہوجاتا ہے اور ریڈ بلڈ سیلز کی صلاحیت(جسم کے مختلف اعضاء کو آکسیجن فراہم کرنا) کم ہو جاتی ہے۔بعض اوقات حمل کے ابتدائی چھے ماہ میں خون میں موجود پلازما کی افزایش سُرخ خلیات کی نسبت زیادہ ہوتی ہے، جس سے خون بننے کا عمل سُست پڑ جاتاہے۔ یاد رہے، خون کے سُرخ خلیات کی حیات کا دورانیہ 120 دِنوں پر محیط ہوتا ہے، لیکن ٹوٹ پھوٹ کی صُورت میں یہ وقت سے پہلے بھی ختم ہوجاتے ہیں اور ایسا عموماًAutuimmune Hemolytic Anaemia ہی میں ہوتا ہے۔ اس مرض میں ریڈ بلڈ سیلز ٹوٹنے لگتے ہیں۔ واضح رہے، ریڈ بلڈ سیلز کی افزایش کے لیے جسم کو وٹامن سی، وٹامن بی۔ٹو اور تانبے کی کچھ مقدار کی ضرورت پڑتی ہے۔
مرض کی تشخیص میں فیملی ہسٹری، طبّی معائنہ اور سی بی سی ٹیسٹ مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ طبّی معائنے میں دِل کی رفتار، دبائو ،تنائو، جگر اور تلّی کا حجم جانچا جاتا ہے،تو پھیپھڑوں میں سانس کی رفتار اور روانی کا بھی معائنہ کیا جاتا ہے۔ سی بی سی ٹیسٹ کے ذریعے ہیموگلوبن اور خون کے سُرخ خلیات میں موجود پروٹین اور فولاد کی مقدار، سفید، سُرخ خلیات اور پلیٹ لیٹس کی تعداد جانچی جاتی ہے۔
سی بی سی ٹیسٹ کی ایب نارمل رپورٹ اینیمیا اور خون کی دیگر بیماریوں کی نشان دہی کرتی ہے۔ اس صُورت میں معالج دیگر ٹیسٹس تجویز کرتا ہے، تاکہ مرض کی حتمی تشخیص ہوسکے۔ اس کے علاوہ ایک ٹیسٹ کے ذریعے اینیمیا اورہیموگلوبن کی مختلف اقسام تشخیص کی جاتی ہیں،جب کہ A reticulocyte count Testہڈی کے گُودے کی کارکردگی جانچنے کے لیے تجویز کیا جاتا ہے کہ آیا سُرخ خلیات پوری تعداد میں بن رہے ہیں یا نہیں۔ نیز، جسم اور خون میں فولاد کی مقدار معلوم کرنے کے لیے سیرم آئرن ٹیسٹ تجویزکیا جاتا ہے۔
اینیمیا کا علاج خون کی کمی کی بنیادی وجہ، قسم اور علامات کے مطابق کیا جاتا ہے۔ عمومی طور پر آئرن سپلیمنٹس اور غذا میں تبدیلی کے ذریعے جسم میں خون کی مقدار نارمل سطح تک لائی جاتی ہے۔ فولاد، وٹامنز، خاص طور پر وٹامن سی اور وٹامن بی-12 سے بَھرپور غذاؤں کا استعمال سود مند ثابت ہوتا ہے کہ فولاد، ہیموگلوبن بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور گوشت،مچھلی، سبز پتّوں والی سبزیاں، مٹر، پھلیاں، دالیں، سویابین آئل، کشمش اور روٹی وغیرہ کا استعمال فولاد کی کمی پوری کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔وٹامن بی-12کی کمی سے Pernicious anemia کی بیماری لاحق ہوجاتی ہے۔
یہ بہت عام بیماری ہے، جس کا علاج اسی وٹامن کی کمی پوری کرکے کیا جاتا ہے۔ وٹامن بی-12 گوشت، انڈے، مچھلی، دودھ، دہی اور پنیر سے حاصل کیا جا سکتا ہے، جب کہ فولک ایسڈ ڈبل روٹی، پاستا، چاول، پالک، گہرے سبز پتّوں والی سبزیوں، کیلے، انڈے، سنگترے وغیرہ میں پایا جاتا ہے۔ نیز، وٹامن سی جسم میں فولاد جذب کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور یہ وٹامن انگور، کھٹے پھلوں، پپیتے، گوبھی، اسٹرا بیری، پائن ایپل، ٹماٹر اور آلو وغیرہ میں پایا جاتا ہے۔ (مضمون نگار، ہیلتھ کئیر سینٹر، ساہی وال میں فرائض انجام دے رہے ہیں)
مضمون نویس معالجین توجّہ فرمائیں!!
سنڈے میگزین کے سلسلے’’ہیلتھ اینڈ فٹنس‘‘ میں لکھنے کے شائق معالجین سے درخواست ہے کہ اپنے مضامین کے ساتھ، اپنی پاسپورٹ سائز واضح تصاویر بھیجیں اور مکمل تعارف اور رابطہ نمبر بھی لازماً تحریر کریں۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ اس سلسلے کے ذریعےقارئین کو مختلف امراض اور عوارض سے متعلق جس قدر بہترین، جامع اور درست معلومات فراہم کرسکتے ہیں، ضرور کریں، مگر بعض اوقات ڈاک سے موصول ہونے والی کچھ تحریروں میں لکھی جانے والی مخصوص طبّی معلومات یا کسی ابہام کی تصحیح یا درستی کے لیے مضمون نگار سے براہِ راست رابطہ ضروری ہوجاتا ہے، لہٰذا تمام مضمون نویس اپنی ہر تحریر کے ساتھ رابطہ نمبر ضرور درج کریں۔اپنی تحریریں اس پتے پر ارسال فرمائیں۔
ایڈیٹر، سنڈے میگزین،صفحہ ’’ہیلتھ اینڈ فٹنس‘‘ روزنامہ جنگ، شعبۂ میگزین، اخبار منزل، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی۔
ای میل: sundaymagazine@janggroup.com.pk