• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور، دھماکے میں ملک دشمن ایجنسیاں ملوث، ملزم گرفتار، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور، دھماکے میں ملک دشمن ایجنسیاں ملوث، ملزم گرفتار، وزیراعلیٰ


لاہور/ منڈی شاہ جیونہ( نمائندگان جنگ ) حساس اداروں نے منڈی شاہ جیونہ کے علاقے قادر پور میں کارروا ئی کرکے لاہور دھماکے کے مرکزی ملزم عید گل کے دو بھائیوں کو بھی گرفتار کر لیا ،گرفتار ملزمان اورنگ زیب خان اور یاسر خان کا تعلق نواحی علاقے اکڑیانوالہ سے تھا عید گل کچھ عرصہ سے غائب تھا عید گل کے بھائی اورنگ زیب خان اور یاسر خان وزارت داخلہ کی فور شیڈول لسٹ میں بھی شامل تھے، نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا،ملزمان عرصہ دراز سے اکڑیانوالہ میں رہ رہے تھے، علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ لاہور دھماکے میں ملک دشمن ایجنسیاں ملوث ہیں ،ملزم گرفتار کرلیے گئے ہیں ،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کراچی سے ’’را‘‘ کا خطرناک نیٹ ورک پکڑ لیا گیا ہے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاہے کہ پنجاب حکومت نے جوہر ٹاؤن دھماکے کی تحقیقات کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم قائم کی تھی ۔ یہ ایک ٹیسٹ کیس تھا ۔سی ٹی ڈی نے 16 گھنٹے کے اندر دھماکے کے ذمہ داروں کا تعین کیا گیا ۔ دھماکے میں ملوث تمام بین الاقوامی و مقامی کرداروں کی شناخت کی گئی۔ صرف 4 دن کے اندر ملک کے مختلف علاقوں میں ریڈ کرکے دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ دہشت گردی میں استعمال ہونے والی گاڑی کے خریدار، اس کی حوالگی، بارودی مواد نصب کرنے والے، ریکی اور دھماکہ کرنے میں ملوث دہشت گردوں کو پیشہ ورانہ مہارت سے گرفتار کیا گیا ۔ اس کیس کو ٹریس کرنا پنجاب حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ میں پنجاب پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ایجنسیوں اور خصوصاً سی ٹی ڈی کو مبارکباد اور شاباش دیتا ہوں۔دوران تحقیقات دہشت گردوں کے اس نیٹ ورک کو مالی معاونت فراہم کرنے والے بین الاقوامی کرداروں کے تانے بانے مقامی دہشت گردوں سے ملنے کے تمام شواہد حاصل کر لئے گئے ہیں اوران شواہد کے مطابق اس کارروائی میں دشمن ملک کی ایجنسی براہ راست ملوث ہے جس نے اس نیٹ ورک کو تمام مالی معاونت فراہم کیـوہ وزیر اعلی آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھےـ۔

تازہ ترین