کراچی(اسٹاف رپورٹر ) نسلہ ٹاور بلڈر اور مکینوں نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نظر ثانی درخواستیں دائر کر دیں۔ متاثرین نے عدالت سے نسلہ ٹاور گرانے سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کی استدعا کی ہے۔ درخواستیں بیرسٹر صلاح الدین اور بیرسٹر عابد زبیری نے دائر کیں۔ بلڈرز نے موقف اختیار کیا کہ نسلہ ٹاور تمام قانونی تقاضے پورے کر کے قائم کیا گیا، سروس روڈ نسلہ ٹاور کی وجہ سے متاثر نہیں ہوا، جو پلان دیا گیا تھا اسی پر عمارت بنائی گئی، اضافی تعمیرات نہیں کیں، شہر میں گرینڈ ہائی رائز بلڈنگز کو ریگولائز کیا گیا لیکن نسلہ ٹاور کے ساتھ امتیازی سلوک ہوا۔ متاثرین نے درخواستوں میں عدالت سے استدعا کی کہ سپریم کورٹ فیصلے سے تقریبا 100 گھرانے متاثر ہوئے، نظرثانی کی جائے، عدالت نسلہ ٹاور گرانے کے فیصلے پر عملدرآمد روکے۔ نسلہ ٹاور بلڈر اور مکینوں کی جانب سے الگ الگ اپیلیں دائر کی گئیں۔