فلم اور ٹیلی ویژن کے فن کاروں کے مابین ہمیشہ ہی سے سخت مقابلہ رہا ہے۔ دونوں میڈیم کے فن کار ایک دوسرے کو اعلیٰ درجے کا فن کار ماننے کو تیار نہیں ہوتے۔ یہ سرد جنگ آج بھی جاری ہے۔ یہ حقیقت ہے آج کا ٹیلی ویژن ڈراما دُنیا بھر میں دل چسپی اور توجہ سے دیکھا جاتا ہے، جب کہ فلم انڈسٹری اِن دنوں ان گنت مسائل کا شکار ہے۔
پندرہ ماہ گزر گئے، سنیما گھر بند پڑے ہیں اور نئی فلمیں گزرتے وقت کے ساتھ پُرانی ہوتی جا رہی ہیں۔ پچھلے چند برسوں میں ٹیلی ویژن ڈراما انڈسٹری سے وابستہ ہنر مندوں اور فن کاروں نے فلم انڈسٹری کے مردہ جسم میں روح پھونکنے کی کوشش کرتے ہوئے کچھ معیاری فلمیں بنا کر سنیما گھروں کی زینت بنائیں، مگر فلم انڈسٹری کے ٹھیکے داروں نے ٹیلی ویژن اسٹارز کی ان کوششوں کو سراہنے کے بہ جائے تنقید کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کردیا۔ لالی وڈ والوں کا کہنا تھا کہ ٹیلی ویژن والے کیا فلم بنائیں گے، یہ کام ان کے بس کی بات نہیں۔
ٹیلی ویژن ڈراموں کے سپر اسٹارز کو جب سنیما اسکرین پر پسند کیا جانے لگا، تو انہوں نے اپنے بنیادی میڈیم کو نظر انداز کرنا شروع کردیا۔ ڈراموں پر راج کرنے والی اداکارائوں اور اداکاروں کو جب فلموں کے ذریعے دنیا بھر میں غیر معمولی مقبولیت، ایوارڈز، شہرت اور دولت کی بارش ہوئی تو ان کے دماغ خراب ہوگئے۔ بعض فن کاروں کو ٹیلی ویژن ڈرامون نےشہرت کے ساتواں آسمان پر پہنچا دیا تھا، وہ اسی میڈیم کو کم تر سمجھنے لگے۔
موجودہ حالات میں جب فلم انڈسٹری کا ٹائٹینک ڈوبنے لگا، تو بین الاقوامی شہرت یافتہ فن کارہ ماہرہ خان، مہوش حیات اور فواد خان نے ایک مرتبہ پھر ٹیلی ویژن ڈراموں کے ناظرین کے سامنے خود کو پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ رواں برس ٹیلی ویژن کے ناظرین ایک مرتبہ پھر سے اپنے پسندیدہ فن کاروں کی پر فارمینس سے گھر بیٹھے لطف اندوز ہوں گے۔
اُمید کی جا رہی ہے کہ سپر اسٹار ماہرہ خان، فواد خان اور مہوش حیات کی ٹیلی ویژن پر واپسی سے ڈراموں کے معیار میں بہتری آئے گی اور صحت مند مقابلے کی فضا قائم ہوگی۔ واضح رہے کہ ماہرہ خان اور فواد خان نے نہ صرف پاکستان میں بلکہ بالی وڈ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ماہرہ خان، بالی وڈ کے کِنگ خان کی ہیروئن بنیں اور فلم ’’رئیس‘‘ میں آتنے بڑے اسٹار کے سامنے جم کر اداکاری کی۔ فلم ’’رئیس‘‘ نے سو کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا۔ اسی طرح سپر اسٹار فواد خان نے بالی وڈ کی خُوب صورت حسینہ سونم کپور کے مدِمقابل2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’خُوبصورت‘‘ میں بہ طور ہیرو کام کیا۔ فلموں میں مصروفیت کی وجہ سے انہوں نے ٹیلی ویژن پر کام کرنا چھوڑ دیا تھا، البتہ وہ ٹی وی کمرشلز میں ضرور نظر آتے تھے۔
PSL کے گانے اور بیٹل آف پیپسی میں بھی ٹی وی ناظرین نے انہیں موسیقی کے جج کی حیثیت سے دیکھا اور پسند کیا، فواد خان کے مداحوں کے لیے خوش خبری ہے کہ وہ آٹھ برس کے طویل وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر انہوں نے ٹیلی ویژن ڈرامے میں جلوہ گر ہونے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ ڈراما سیریل میں نامور اداکارہ عائشہ عمر کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔ ڈرامے کا نام ’’جو بچے ہیں سنگ سمیت لو‘‘ بتایا جا رہا ہے۔ ممتاز ناول نگار فرحت اشتیاق کے ناول سے ڈرامے کا مرکزی خیال لیا گیا ہے۔ فواد خان کا سپرہٹ ڈراما ’’ہمسفر‘‘ تو ناظرین کو ضرور یاد ہوگا۔ یہ ڈراما 2011 کو نشر ہوا تھا۔
ان کی تین چار نئی فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں، جیسے ہی سنیما گھر کُھلیں گے، وہ فلمیں سنیما گھروں کی زینت بنیں گی۔ ان کی سب سے اہم اور بڑے بجٹ کی فلم ’’مولاجٹ دی لیجنڈ‘‘ کا سب کو بے چینی سے انتظار ہے۔ اس فلم میں وہ سپر اسٹار ماہرہ خان کے مدِمقابل ہیرو نظر آئیں گے۔ اسی طرح معروف پروڈیوسر اور اداکار شایان خان کی فلم’’منی بیک گارنٹی‘‘ میں جلوے بھکیریں گے۔ ان فلموں کی ریلیز کا فیصلہ کورونا ہی کرے گا۔ فی الحال تو وہ پھر سے ٹیلی ویژن اسکرین کی جانب لوٹ رہے ہیں۔
ماضی میں فواد خان اور ماہرہ خان کی جوڑی نے ناظرین کے دل جیتے تھے، وہ دونوں ’’ہمسفر‘‘ ڈرامے سے لاکھوں مداحوں کے دل کی دھڑکن بنے تھے۔ ماہرہ خان نے اپنا اسکرین پارٹنر بدل لیا ہے۔ وہ اب فضا علی مرزا اور نبیل قریشی کی فلم ’’قائداعظم رندہ باد‘‘ میں نامور اداکار فہد مصطفیٰ کے ساتھ بھی بہ طور ہیروئن نظر آئیں گی۔ یہ حقیقت ہے کہ ماہرہ خان کا شمار پاکستان کی نمبرون سپر اسٹارز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کورونا وائرس کا ڈَٹ کر بہادری سے مقابلہ کیا اور اب وہ ٹیلی ویژن ڈرامے میں جلوہ گر ہوں گی۔
گزشتہ عیدالفطر پر انہوں نے زیبا بختیار کے بیٹے اذان سمیع خان کے گانے کی وڈیو میں بھی بہ طور ماڈل کام کیا۔ دو تین برس قبل ان کی عیدالفطر پر ایک نہیں دو سپرہٹ فلم ریلیز ہوئیی تھیں۔ معروف ہدایت کار عاصم رضا کی فلم ’’پرے ہٹ لَو‘‘ میں ان کا آئٹم سونگ بھی بے حد پسند کیا گیا، جب کہ دوسری جانب ہدایت کار احتشام الدین کی فلم ’’سپر اسٹار‘‘ میں بلال عباس کے ساتھ دل چسپ اور مرکزی کردار میں فلم بینوں کے دل جیتے۔
انہیں جیو فلمز اور شعیب منصور کی سپر ہٹ فلم ’’بول‘‘ میں نامور سنگر عاطف اسلم کے ساتھ بے حد پسند کیا گیا، جب کہ شعیب منصور کی ایک اور فلم ’’ورنہ‘‘ میں ماہرہ خان نے خواتین پر ہونے والے مظالم کی عمدہ عکاسی کی۔ ان کی دیگر ریلیز شدہ فلموں میں سات دن محبت ان، منٹو، بِن روئے اور ہومن جہاں شامل ہیں۔ انہوں نے ڈراموں اور فلموں میں مختلف نوعیت کے کردار ادا کیے۔ اب ایک مرتبہ پھر وہ ٹیلی ویژن ڈراموں میں جاندار کردار میں جلوہ گر ہونے کی تیاریاں کررہی ہیں۔ پانچ برس بعد وہ نئی نسل کے معروف اداکار عثمان مختیار کے مدِمقابل ڈراما سیریل میں نظر آئیں گی۔
ان کے ساتھ فلموں اور ڈراموں کی مشہور اداکارہ کبریٰ خان بھی جلوہ گر ہوں گی۔ کبریٰ خان کو فلم ’’جوانی پھر نہیں آنی پارٹ ٹو‘‘ میں ہمایوں سعید کے ساتھ بے حد پسند کیا گیا تھا۔ ماہرہ،نامور ڈراما نگار عمیرہ احمد کے مشہور ناول پر مبنی ڈراما سیریل ’’ہم کہاں کے سچے تھے، کے ذریعے ٹیلی ویژن پر واپس ارہی ہیں۔ مذکورہ ڈرامے کے ہدایت کار فاروق رند ہوں گے۔ ماہرہ خان نے اپنی ٹیلی ویژن پر واپسی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیلی ویژن پر کام کرنا مجھے اچھا لگتا ہے۔
یہ حقیقت ہے کہ ٹیلی ویژن ہی میرا بنیادی حوالہ ہے، میں نے ابتداء میں تمام شہرت اور پہچان اسی میڈیم کے ذریعے بنائی۔ پانچ برس دُور رہنے کی وجہ بتاتے ہوئے ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ میری فلموں میں بے حد مصروفیت تھی۔ آرٹسٹ کو ہم مختلف میڈیم میں تقسیم نہیں کر سکتے۔ ہم دل لگا کر کام کرتے ہیں، خواہ وہ ٹیلی ویژن ہو یا فلم۔ دونوں میڈیم ہی ہمارے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ ٹیلی ویژن فلم سے بڑا میڈیم ہے، پُوری دُنیا میں یہ بات مانی جا رہی ہے۔‘‘
اب بات کرتے ہیں ٹیلی ویژن سے پہچان بنانے کے بعد فلموں میں دھماکے دار انٹری دینے والی گلیمر گرل مہوش حیات کی۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر ڈراموں میں کام کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ مہوش حیات کے فیز کے لیے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ وہ اپنے پُرانے ہیرو ہمایوں سعید اور مایا علی کے ساتھ ڈراما سیریل میں جلوہ گر ہوں گی۔ ہمایوں سعید اور مہوش حیات کو مختلف ٹی وی ڈراموں اور سپرہٹ فلم ’’جوانی پھر آنی‘‘ میں فلم بینوں نے بے حد پسند کیا تھا۔
مہوش حیات نے 2014 میں ہدایت کار نبیل قریشی کی پہلی فلم ’’نامعلوم افراد‘‘ کے آئٹم سونگ ’’بلی‘‘ نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔ قارئین ہم نے ٹیلی ویژن سے شہرت حاصل کرنے والے تین سپر اسٹار ماہرہ خان، مہوش حیات، فواد خان کے کیریئر پر ایک نظر ڈالی۔ یہ تینوں فن کار کمال کی اداکاری کرتے ہیں۔ چند برس فلموں میں کام کرنے کے بعد ایک مرتبہ ٹیلی ویژن ناظرین کی عدالت میں پیش ہونے جا رہے ہیں۔