وزارتِ خزانہ نے ماہانہ اقتصادی آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی جس میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے 11 ماہ میں ترسیلاتِ زر، برآمدات اور محصولات میں اضافہ ہوا۔
وزارتِ خزانہ کی جاری کی گئی ماہانہ اقتصادی آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 29 اعشاریہ 4 فیصد اضافے سے 26 ارب 70 کروڑ ڈالر رہیں۔
برآمدات مجموعی طور پر 10 اعشاریہ 3 فیصد اضافے سے 23 ارب 10 کروڑ ڈالر رہیں۔
رواں مالی سال درآمدات جولائی تا مئی 17 اعشاریہ 9 فیصد اضافے سے 47 ارب 30 کروڑ ڈالر رہیں۔
اسٹیٹ بینک کے ذخائر 22 ارب 96 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئے، ایف بی آر کی محصولات میں 17 اعشاریہ 5 فیصد کا اضافہ ہوا۔
نان ٹیکس آمدنی میں 6 اعشاریہ 5 فیصد کمی ہوئی، مہنگائی کی شرح ماہانہ بنیادوں پر 10 اعشاریہ 9 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 8 اعشاریہ 8 فیصد رہی۔
وزرات ِخزانہ کی ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 12 اعشاریہ 8 فیصد کا اضافہ ہوا۔