• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیہ عظمیٰ کراچی کا بجٹ تیار، آج پیش ہوگا

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے مالی سال 22-2021ء کا بجٹ تیار کر لیا، منتخب بلدیاتی حکومت کی مدت پوری ہونے کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی کا یہ پہلا بجٹ ہے، جو آج پیش کیا جائے گا۔

کے ایم سی کے مالی سال 22 -2021ء کے بجٹ کا تخمینہ 25 اعشاریہ 9 ارب روپے ہے، یہ بجٹ 11 ملین روپے سر پلس کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کا 20 فیصد بجٹ پینشن اور غیر ترقیاتی اخراجات کی نذر ہو گیا ہے، بجٹ میں 5 ارب روپے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے مختص کیئے گئے ہیں۔

بجٹ میں کے ایم سی کی طرف سے 16 بڑی ترقیاتی اسکیمیں رکھی گئی ہیں، بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 7 ارب 45 کروڑ روپے مختص کیئے گئے ہیں۔

نالوں کی صفائی کے لیے 12 کروڑ روپے مختص کیئے گئے ہیں، اسپتالوں کے لئے وینٹی لیٹر اور چڑیا گھر کے لیے جانور بھی خریدے جائیں گے۔

تمام شعبوں میں سب سے کم بجٹ آئی ٹی کے شعبے کے لیے مختص کیا گیا ہے، بلدیہ عظمیٰ نے آئی ٹی کے شعبے کے لیے 6 کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے۔

کے ایم سی حکام کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کا مالی سال 22-2021ء کا بجٹ آج منظور کیا جائے گا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد بجٹ منظور کر کے سندھ حکومت کو بھجوائیں گے۔

حکام کا یہ بھی کہنا ہےکہ سندھ حکومت بلدیہ عظمیٰ کے بجٹ میں 1 ماہ تک تبدیلی کرنے کی مجاز ہو گی۔

واضح رہے کہ 21-2020ء کے لیے سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کے ایم سی کا 24 اعشاریہ 8 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا تھا۔

تازہ ترین