اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ، نون لیگ اور پی پی یک جان تین قالب ہیں۔بجٹ پاس کرانے میں بڑی اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کی بھرپور معاونت کی۔ ثابت ہوگیا کہ تینوں آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کی تابع داری میں ایک ہیں۔ساری لڑائی اسٹیبلشمنٹ سے دودھ کا فیڈر حاصل کرنے پر ہو رہی ہے ۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے عام آدمی کو لوٹا اور مافیاز کو نوازا، معاشرہ میں امیر اور غریب کا خلا خطرناک حد تک پہنچ چکا ہے۔وہ منصورہ میں سید موددوی انسٹیٹیوٹ کے طلبہ سے خطاب کررہے تھے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے سیکٹرز میں بنیادی ریفارمز متعارف کرانا پڑیں گی،تمام شعبوں میں بہتری لانے کے لیے قرآن و سنت کی جانب رجوع ضروری ہے، مغرب کی جمہوریت بودی اور دراصل سرمایہ دارانہ نظام اور فحاشی اور عریانی کی محافظ ہے، اسلام ایسی جمہوریت کی بات کرتا ہے جو قرآن و سنت کے تابع ہو، جس میں لوگ مل کر لوگوں کی بہتری اور فلاح کے لیے فیصلے کریں، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانانِ پاکستان ان سازشوں کا مقابلہ کریں۔