وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کل سے ٹک ٹاک کو بین کرنے اور نیشنل بینک کے صدر کو ہٹانے کے فیصلے پڑھ کر سر چکرا گیا کہ ہماری عدالتیں کیا کر رہی ہیں؟
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے جاری کیئے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ عدالتی اصلاحات نہ کی گئیں تو ملک اقتصادی بحران سے کبھی باہر نہیں نکل سکے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلے ہی یہ ملک ایسے جوڈیشل ایکٹیو ازم کے ہاتھوں اربوں ڈالر کے نقصانات برداشت کر رہا ہے۔
اس سے قبل ایک اور ٹوئٹر بیان میں وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں چند ہفتے قبل ایک پاکستانی فیملی کو نسل پرستانہ حملے میں شہید کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اب دوبارہ سسکر ٹون شہر میں ایک اور شہری کاشف پر انتہا پسندوں نے خنجروں سے حملہ کیا ہے، مغربی معاشرے میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ امید کرتے ہیں کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیئے جائیں گے۔