• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد چوہدری مستقبل میں کسی اور سیاسی جماعت میں ہوں گے، شازیہ مری


پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری کا کہنا ہے  وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری  ماضی میں مختلف سیاسی جماعتوں میں رہے، مستقبل میں کسی اور سیاسی جماعت میں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات سے پی ٹی وی نہیں چل رہا اور کیا چلائیں گے۔

شازیہ مری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جب سے بلاول بھٹو نے کشمیرمیں انتخابی مہم شروع کی حکومت کی نیندیں اڑ گئیں۔

شازیہ مری  نے کہا کہ یہ عوام دشمن بجٹ ہے اور تنخواہ دار طبقے کیلئے پریشان کن ہے، تنخواہوں کو 10 فیصد بڑھانے کی بات کی لیکن مہنگائی کئی گنا بڑھ گئی، حکومت نے میڈیکل الاؤنس پر ٹیکس لگا دیا ہے، زراعت کے شعبے کے ساتھ بے وفائی کی، کاٹن کے بیج پر ٹیکس 17 فیصد کر دیا گیا۔

شازیہ مری نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بجٹ دیا گیا، جلد تیل کی قیمت میں اضافہ ہوگا، نومبر تک گردشی قرضہ 2.8 کھرب ہوجائے گا، ہرپاکستانی اب پونے 2 لاکھ کا مقروض ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات اچھے ہوں، مودی کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہیں، وزیراعظم امریکا کے دورے سے واپسی پرکہتے تھے کشمیرکا مسئلہ حل ہوگیا، وزیراعظم عمران خان بزدل ہیں، دہشت گردوں کے سامنے ہاتھ باندھ لیتے ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستانی قوم حکومت کے یوٹرن سے بیزار ہوچکی ہے، پاکستان ایٹمی ملک ہونے کی وجہ سے بہت سے خطرات سے بچا ہوا ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ پاکستانی قوم ملک کے ایٹمی پروگرام پر کوئی سودے بازی نہیں کرے گی، حکومتی ترجمان جتنی جلدی پارٹیاں تبدیل کرتے ہیں اتنی جلدی کوئی گاڑیاں تبدیل نہیں کرتا۔

تازہ ترین