متنازع ٹک ٹاک اسٹار اور اداکارہ حریم شاہ کے پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سے شادی کی تصدیق پر سعید غنی کی بیٹی نرمین نے بھی واضح بیان دے دیا۔
صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا حریم شاہ کی شادی کے حوالے سے اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ میں نہ محترمہ کو جانتا ہوں نہ کبھی ملا ہوں اور نہ ہی کبھی میں نے انہیں دیکھا ہے۔
سعید غنی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’الحمداللّٰہ میں اپنی واحد بیوی اور بچوں کیساتھ خوشگوار زندگی گزار رہا ہوں۔براہ مہربانی بغیر تصدیق کے اس طرح کی خبریں پھیلانے سے گریز کریں۔ اگر محترمہ نے واقعی شادی کرلی ہے تو میں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘
والد کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کی بیٹی نرمین نے بھی واضح الفاظ میں کہا کہ ہم ایک خوشگوار زندگی بسر کررہے ہیں لہذا تمام تر فضول باتوں کو ختم ہونا چاہیے۔
ایک اور ٹوئٹ میں نرمین نے والد اور والدہ کی ایک ہنستی مسکراتی تصویر شیئر کرتے ہوئے دونوں کو ٹیگ بھی کیا۔
اس ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’میرے والدین ایک دوسرے کو چاہتے ہیں اور ہم ایک ساتھ خوشگوار زندگی بسر کررہے ہیں۔‘
واضح رہے کہ ٹک ٹاکر حریم شاہ نے اپنی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کے شوہر پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور جانی مانی شخصیت ہیں۔
حریم شاہ نے جس رکن اسمبلی سے شادی کی اس کا نام تو تاحال نہیں بتایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ جلد اپنے شوہر کا نام ظاہر کردیں گی۔