قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم کے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما میر اعجاز جکھرانی کے گھر پر چھاپے کے واقعے پر ایس ایس پی شمائل ریاض ملک نے آئی جی سندھ کو خط لکھ دیا۔
ایس ایس پی نے اپنے خط میں آئی جی سندھ کو بتایا کہ نیب ٹیم نے سول لائن تھانے میں چھاپے کا بتایا تھا لیکن جگہ کا ذکر نہیں کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اعجاز جکھرانی وزیراعلیٰ کے مشیر اور سیاسی شخصیت ہیں، نیب ٹیم کے چھاپے کا سن کر لوگ جمع اور مشتعل ہوگئے۔
ایس ایس پی نے لکھا کہ پولیس نے نیب ٹیم کو اعجاز جکھرانی کے گھر سے نکلنے میں مدد فراہم کی، یہی وجہ ہے کہ نیب ٹیم کا زیادہ نقصان نہیں ہے۔
شمائل ریاض نے آئی جی سندھ کو خط کے ذریعے بتایا کہ واقعے کے بعد ایس ایچ او اور ہیڈ محرر کو غفلت برتنے پر معطل کیا ہے، معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔